جھانوی کپور احتجاج پر بیٹھے کسانوں کے غصے سے بال بال بچ گئیں

0
114

ممبئی:

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور کو فلم کی شوٹنگ جاری رکھنے کے خاطر کسانوں کے حق میں بولنا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جھانوی کپور ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’گڈ لک جیری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جوکہ پنجاب میں جاری ہے۔ حال ہی میں فلم کی شوٹنگ احتجاج کرنے والے کسانوں کی وجہ سے روک دی گئی۔

کسانوں نے فلم کے سیٹ پر آکر احتجاج کیا کیوں کہ اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت بھر کے کسان سراپا احتجاج ہیں لیکن کسی اداکار کی جانب سے کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی کوئی ہمدردی ظاہر کی گئی۔ بعدازاں کسانوں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ اداکارہ کی جانب سے اُن کے لیے بیان جاری کیا جائے گا جس پر کسانوں نے وہاں احتجاج ختم کردیا۔

جھانوی کپور نے بھی نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنے والے کسانوں کے غصے سے بچنے کے لیے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ تمام کسان بھارت کا دل ہیں، میں قوم کو غذا کھلانے میں کسان کے اہم ترین کردار کی تائید کرتی ہوں اور اُن کی حمایت کرتی ہوں، مجھے اُمید ہے کہ جلد ہی ایک ایسی قرارداد طے پاجائے گی جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔

واضح رہے کہ مودی حکومت کی جانب سے راتوں رات زرعی ترمیمی بلوں کی منظوری کے خلاف بھارت بھر میں جاری کسانوں کی احتجاجی تحریک مودی سرکار کے لیے درد سر بن گئی۔ بھارتی کسانوں کا ملک گیر احتجاج  کئی ہفتوں سے جاری ہے۔ دارالحکومت نئی دہلی کے اطراف میں ہزاروں کسان دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here