بورڈ نے فرنچائزز کو سبز باغ دکھا کر بہلا دیا

0
121

کراچی:

پی سی بی نے فرنچائزز کو سبز باغ دکھا کر بہلا دیا جب کہ بیشتر نے چھٹے ایڈیشن کی فیس جمع کرانے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

پی ایس ایل فرنچائززاور پی سی بی میں  ایک بار پھر سیز فائر ہونے جا رہا ہے، مسلسل مالی نقصان کو جواز بنا کر ٹیم مالکان نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے چھٹے ایڈیشن کی فیس بار بار کی یاد دہانیوں کے باوجود جمع نہیں کرائی تھی، جس پر بورڈ نے انھیں نوٹس جاری کرتے ہوئے  21 دن کا وقت دیا، اس کے بعد سخت ایکشن کی دھمکی دی گئی جس میں معاہدے کی منسوخی بھی شامل تھی، یہ ڈیڈ لائن21 جنوری کو ختم ہو رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے ایک بار پھر وعدوں پر فرنچائزز کو بہلا دیا ہے، بیشتر نے  فیس کی ادائیگی پر آمادگی ظاہر کر دی، بعض بعد کی تاریخوں کے چیک جمع کرا رہی ہیں،مالکان نے ایک بار پھر عدالت سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا تھا مگر پھر یہ آپشن فی الحال ترک کر دیا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ مجوزہ مالی ماڈل کی اسٹڈی کیلیے غیرجانبدار کنسلٹنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، جلد اتفاق کا امکان ہے،البتہ ٹیم مالکان کو یہ خدشہ بھی ستا رہا ہے کہ بورڈ میں تبدیلی کی صورت میں کیا ہوگا؟ موجودہ حکام نے انھیں یہ یقین دہانی کرا دی ہے کہ گورننگ بورڈ سے منظوری لی جائے گی تاکہ بعد میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔

دریں اثنا نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے اس سوال پر کیا  فرنچائزز نے اگلے ایڈیشن کی فیس جمع کرا دی ہے پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ  ٹیموں کونوٹس آف بریچ 31 دسمبر 2020کو دیا گیا تھا، ان کے پاس  فیس کی ادائیگی کیلیے 21 جنوری2021 تک کا وقت ہے،اس سوال پر کہ اگر مقررہ تاریخ تک ادائیگی نہ ہوئی توبورڈ کیا ایکشن لے گا؟ سمیع برنی نے کہا کہ  پی سی بی قیاس آرائیوں پر مبنی صورتحال پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here