قومی فاسٹ بولر وہاب ریاض پر امید ہیں کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل اپنی اصل فارم حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
وہاب ریاض نے انگلینڈ میں گرین شرٹس کی ناکامیوں کی وجہ غیر معیاری فیلڈنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیریز کے دوران بعض اہم مواقعوں پر ہم نے سنہری مواقع ضائع کئے جس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہماری فیلڈنگ معیار کے مطابق نہیں رہی، اگر ہم فیلڈنگ اچھی کرنے میں کامیاب رہتے تو نتائج کچھ اور ہی ہوتے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ کا شمار اس وقت دنیا کی خطرناک ترین سائیڈ میں ہوتا ہے، ورلڈ کپ سے قبل انگلش ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا اچھا تجربہ تھا، یقینی طور پر اس سیریز کا فائدہ ورلڈ کپ کے میچوں کے دوران ہوگا۔ قومی فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کی وکٹیں بیٹنگ کے لئے سازگار ہیں لیکن یہ بولرز کو بھی خاصی مدد دیتی ہیں کیونکہ خشک وکٹوں پر آپ بہترین انداز میں ریورس سوئنگ کر سکتے ہیں اور ہمیں اس کنڈیشنز کا بھر پور فائدہ بھی اٹھانا چاہیے۔
ایک سوال پر وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ میں شائقین کی طرف سے بھر پور سپورٹ مل رہی ہے اور یہ ایک طرح سے ہمارے دوسرے گھر کی طرح ہی ہے، ہم انگلینڈ میں ہی ٹی 20 ورلڈکپ 2009 کے بعد 2017 میں چیمپئنز ٹرافی بھی جیت چکے ہیں، ورلڈ کپ کے دوران ایک بار پھر عمدہ کارکردگی دکھانے کے لئے پرعزم ہیں۔