کراچی:
معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کی قوالی’’جانے اس دل ‘‘ کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور یہ قوالی ریلیز ہوتے ہی مداحوں میں مقبول ہوگئی۔
حدیقہ کیانی کی قوالی ’’جانے اس دل‘‘ کو گزشتہ روز یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا۔ اس خوبصورت قوالی کی موسیقی معروف طبلہ نواز استاد دلدار حسین نے ترتیب دی ہے۔ جب کہ ویڈیو کی ہدایات عبداللہ حارث نے دی ہیں اور میاں یوسف صلاح الدین نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ یوٹیوب پر قوالی کو اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد دیکھ اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ پسند کرچکے ہیں۔
حدیقہ کیانی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی قوالی کے حوالے سے بتایا تھا کہ یہ ماہ خواب جیسا ہے۔ میری پہلی قوالی ’’جانے اس دل‘‘ کو ریلیز کردیا گیا۔ اس قوالی کے لیے مجھے استاد نصرت فتح علی خان کے لیے دھن ترتیب دینے والے طبلہ نواز استاد دلدار خان کا تعاون حاصل ہوا۔
ایک انٹرویو کے دوران حدیقہ کیانی نے قوالی کو موسیقی کی خالص ترین شکل قرار دیتے ہوئے کہا قوالی گانا میرے لیے اعزاز ہے۔ اور مجھے آپ سب کے ساتھ یہ قوالی شیئر کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ اسی ماہ حدیقہ کیانی نے ڈراما سیریل ’’رقیب سے‘‘ کے ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا ہے۔ اس ڈرامے میں ان کے ساتھ اداکار نعمان اعجاز، اقرا عزیز اورثانیہ سعید اہم کرداروں میں نظر آرہے ہیں۔