واشنگٹن(پاکستان نیوز) دنیا کی سب سے بڑی سٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یوٹیوب چینل کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا۔ یوٹیوب نے ابتدائی طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کا یوٹیوب چینل رواں ماہ 13 جنوری کو معطل کیا تھا، اس وقت وہ امریکی صدر تھے۔یوٹیوب سمیت دیگر سوشل ویب سائٹس پر عوام کی جانب سے اس وقت دباﺅ بڑھا تھا جب ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے رواں ماہ 6 جنوری کو امریکی ایوان کے علاقے کیپیٹل ہل پر حملہ کردیا تھا۔ حملے کے بعد ٹوئٹر نے بھی ہمیشہ کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاﺅنٹ بند کردیا تھا اور اب یوٹیوب نے ان کا چینل غیر معینہ مدت تک بند کردیا۔خبر رساں ادارے ایجنسی پریس فرانس (اے ایف پی) کے مطابق یوٹیوب کے ترجمان نے تصدیق کی کہ 26 جنوری سے ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل غیر معینہ مدت تک بند کردیا گیا۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چینل سے پرتشدد اور غلط معلومات پر مبنی ویڈیوز ہٹانے کے نوٹس دیے گئے تھے۔برطانوی میڈیا کے مطابق یوٹیوب نے ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل پر عائد پابندی میں مزید توسیع کردی جس کے بعد سابق صدر یوٹیوب چینل پر کوئی ویڈیو اپ لوڈ کرسکیں گے اور نہ ہی کسی ویڈیو پر تبصرہ کرسکیں گے۔