دہشت گردی پر اقوام متحدہ کی رپورٹ پاکستان کے طویل مدتی موقف کی تصدیق ہے، دفتر خارجہ

0
112

کراچی:

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی تجزیہ اور مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ پاکستان کے طویل مدتی موقف کی تصدیق ہے، پاکستان اور خطے کو ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار جیسے دہشت گرد گروپوں سے درپیش خطرات کا احاطہ کرتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ دہشت گرد گروپ افغانستان میں موجود ہیں، پاکستان ماضی میں بین الاقوامی برادری کی توجہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور اس سے منسلک گروپوں کو دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے فراہم کردہ مدد کی طرف دلاچکی ہے، اسی سپورٹ کا نتیجہ لشکر جھنگوی سے علیحدہ ہونے والی جماعت الاحراراور دوسرے گروپوں کا گزشتہ سال افغانستان میں ٹی ٹی پی میں شامل ہونا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹی پی کی طرف سے سرحد پار سے اس طرف سیکیورٹی فورسز پر حملوں کا معاملہ اٹھاچکا ہے، اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم نے دشمن ایجنسیوں کی طرف سے پاکستان مخالف عناصر کی افغانستان میں مدد کو ایکسپوز کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ افغانستان سے ابھرنے والے اس خطرے کو دور کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی، دہشت گردی کی لعنت کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here