انقرہ:
صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ چاند تک پہنچنے میں اللہ ہماری مدد کرے گا اور ان شاءاللہ 2023 تک ہم چاند پر قدم رکھ دیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کا خلائی طیارہ مریخ کے مدار پر 9 فروری کو کامیابی سے پہنچ گیا ہے اور اگلے ہی روز ترک صدر نے بھی چاند پر مشن بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں جمہوریت کی صدی کا جشن چاند پر اتر کر منائیں گے۔ چاند تک پہنچنے میں اللہ ہماری مدد کرے گا۔
صدر طیب اردوان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کا پہلا مشن چاند پر 2023 میں اتر کر جھنڈا لہرائے گا جب کہ آئندہ 10 برسوں میں خلا میں نہ صرف مشن بھیجے جائیں گے بلکہ خلا میں ایک اسٹیشن بھی قائم کیا جائے گا۔
خلا کو مسخر کرنے اور چاند تک پہنچنے کی خواہشں کا اظہار ترک صدر نے ابھی کیا ہے تاہم 2018 میں خلائی ادارے ترکش اسپس ایجنسی کی بنیاد رکھ کر منصوبہ بندی پہلے سے ہی شروع کردی گئی تھی۔
علاوہ ازیں گزشتہ ماہ ہی ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی خلائی ٹیکنالوجی کے ادارے اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک سے گفتگو میں خلائی ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال کیا تھا اور اس حوالے سے تعاون پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اگر صدر طیب اردوان اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو ترکی چاند پر پہنچنے والا پہلا اسلامی ملک بن جائے گا۔ فی الحال ترکی نے حال ہی میں اپنا ایک سیٹلائٹ بھی خلا میں بھیجا تھا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات بھی چاند پر مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے جب کہ پاکستان نے 2022 تک پہلے انسان بردار مشن کو چین کی مدد سے خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے۔