لاہور:
ریلوے نے لاہور اور ملتان کے درمیان چلنے والی موسیٰ پاک ایکسپریس کو 15 فروری سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے15 فروری سے لاہور اور ملتان کے درمیان موسیٰ پاک ایکسپریس ٹرین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسے کورونا وائرس کی وجہ سے بند کیا گیا تھا، یہ ریل ملتان سے شام 4 بجے روانہ ہوکر خانیوال، میاں چنوں، ساہیوال، اوکاڑہ، پتوکی، رائے ونڈ اور کوٹ لکھپت ریلوے اسٹیشن پر اسٹاپ کرتی ہوئی رات 8 بج کر 45 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔
اسی طرح لاہور سے 16 فروری کو موسیٰ پاک ایکسپریس ٹرین رات 12 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوکر رائے ونڈ، اوکاڑہ، ساہیوال اور خانیوال اسٹاپ پر کرتی ہوئی صبح 5 بجے ملتان ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔
چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی کا کہنا ہے کہ موسیٰ پاک ٹرین کی بحالی سے مسافروں کو خاطر خواہ فائدہ اور سہولت میسر حاصل ہوگی اس کے ساتھ ساتھ ریلوے کو بھی آمدنی حاصل ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ مستقبل میں ایسے اقدامات کیے جاتے رہیں جس سے مسافروں کو خاطرخواہ فائدہ حاصل ہو اور محکمہ کی کارکردگی میں اضافہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرین لاہور سے رات ساڑھے 12 بجے روانہ ہوگی اور ملتان ریلوے اسٹیشن سے شام 4 بجے لاہور کے لیے چلا کرے گی، یہ ٹرین ایک اے سی بزنس، ایک اے سی اسٹینڈرڈ، 8 اکانومی کلاس، پاور پلانٹ اور ایک بریک وین پر مشتمل ہوگی۔