لاہور:
میو اسپتال میں زیر علاج 54 سالہ شخص کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم مریض کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کا کہنا ہے کہ 10 مارچ کو برطانیہ سے آنے والے 54 سالہ شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، مریض کو علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ شب ہی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ مریض کا کورونا وائرس ٹیسٹ نجی لیبارٹری میں کیا گیا تھا۔
صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے بھی لاہور میں کورونا وائرس کے ایک مریض کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رشتہ داروں، طبی عملے اور مریض سے براہ راست رابطے میں رہنے والوں کے بھی ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جو منفی آئے ہیں۔ مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ اس مرض میں مبتلا 80 فیصد مریض صحت یاب ہوجاتے ہیں تاہم اس مرض سے بچنے کے لیے احتیاط لازمی ہے، صابن سے ہاتھ بار بار دھوئیں، گلے نہ ملیں اور گفتگو کے درمیان فاصلہ رکھیں تو اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب بھر میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جب کہ عوامی، سیاسی اور سماجی اجتماعات معطل کردیئے گئے ہیں جب کہ کھیلوں تفریح مقامات بھی بند کردیئے گئے ہیں۔