جاپان کا سندھ میں سرمایہ کاری میں دل چسپی کا اظہار

0
128

کراچی:

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوری مسودا نے اگلے سال سے ماہی گیری ،آٹوموبائل اور آئی ٹی پر مبنی یوتھ ایکسچینج پروگراموں کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ فیصلہ پیر کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں دونوں کے مابین ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں جاپانی سرمایہ کاروں کیلیے متعدد سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں براہ راست یا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ پر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

دورے پر آئے جاپانی مندوبین نے کہا کہ انھوں نے آئی ٹی سیکٹرز میں آٹوموبائل ، فشریز اور یوتھ ایکسچینج پروگرام کا انتخاب کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت ماہی گیری کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر ترقی دینے کیلیے کوشاں ہے۔ مندوبین نے کراچی یا قریبی علاقے میں جاپانی آٹوموبائل کے قیام میں بھی دل چسپی ظاہر کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔

دریں اثنا سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں کورونا وائرس کی شدت میں کمی آرہی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان میں اٹلی کے سفیر اندریاس فیریز نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور سیاحت اور روڈ سیکٹر میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک اٹلی کی فرم نے کراچی سے جامشورو تک ایک جدید ترین روڈ سپر ہائی وے تعمیر کیا تھا جو تقریباً 1965 میں تعمیر ہوا۔ انھوں نے اٹلی کے سفیر سے اپیل کی کہ وہ اپنے سرمایہ کاروں کو صوبہ سندھ میں سڑکوں اور پلوں کے سیکٹر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلیے راغب کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آنے والے مہمانوں کو یادگاری شیلڈ ، سندھی اجرک اور ٹوپیاں پیش کیں ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here