حکومت کا بجلی پرعائد نیلم جہلم سرچارج ختم کرنے کا فیصلہ

0
190

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے بجلی پر عائد فی یونٹ نیلم جہلم سرچارج ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے وزیراعظم امدادی پیکج کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے سبسڈی دینے کی منظوری کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی )کے  جمعرات کو صبح ساڑھے گیارہ بجے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔

’ایکسپریس‘ کو دستیاب ایجنڈے کی کاپی کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ای سی سی کے اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے پیش کی جانے والی دواہم سمریوں کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا۔

پہلی سمری میں وزارت توانائی نے آف شور سپلائی کنٹریکٹرز کو کی جانے والی ادائیگیوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا اور اس تجویز پر تفصیلی غور کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت توانائی کی ہی سمری پر بجلی کے بلوں پر صارفین سے وصول کئے جانے والے 10 پیسے فی یونٹ نیلم جہلم سرچارج کی منسوخی پر بھی غور ہوگا اور توقع ہے کہ نیلم جہلم سرچارج ختم کرنے کی منظوری دے دی جائے گی کیونکہ نیلم جہلم سرچارج ختم ہوچکا ہے اور اس بارے میں قائمہ کمیٹیوں کی جانب سے بھی سفارش کی جاچکی ہے۔

دستاویز کے مطابق ای سی سی کے اجلاس مین نیشنل انجیئرنگ اینڈ سائنٹفک کمیشن آف پاکستان(این ای سی او پی) کے لئے حکومتی خود مختار گارنٹی کی منظوری دینے پر بھی غور ہوگا نیشنل انجنیئرنگ اینڈ سائنٹفک کمیشن آف پاکستان اپنی مالی ضروریات پوری کرنے کے لئے فنانسنگ کا انتظام کرنا چاہتا ہے جس کیلئے بونڈز جاری کرنے کی تجویز ہے اور اس کے لئے حکومت کی خودمختار گارنٹی چاہتا ہے۔

اس کے علاوہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکسوں سے متعلق ایشوئز حل کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی کے قیام کی منظوری پر بھی غور ہوگا۔

اجلاس میں تخفیف غربت اور سماجی تحفظ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بھجوائی جانے والی سمری پر بھی غور ہوگا جس کے تحت احساس پروگرام کیلئے کمیونیکیشن سپورٹ کی سمری کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا۔

ای سی سی میں پاکستان اسٹیل ملز کے ذمے جرمنی کی کمپنی میسز اوشن وائڈ شپنگ سروسز کے واجبات کی ادائیگی کیلئے فنڈز کی منظوری پر غور ہوگا۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم امدادی پیکج کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے سبسڈی کی منظوری کا بھی امکان ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here