نیوجرسی (پاکستان نیوز) ٹرمپ کی مسلم مخالف پالیسیوں اور بیانات نے کئی مسلم نوجوانوں کو سیاست کے میدان میں قدم رکھنے پر مجبور کر دیا جن میں ایک نوجوان مسلم فاریز اعواد بھی ہیں جوکہ نیوجرسی کی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے مسلم کمیونٹی کی آواز بننے کی خواہاں ہیں ، فاریز 26 برس کی عمر میں کلفٹن بورڈ آف ایجوکیشن سے انتخابات میں کامیابی بھی حاصل کر چکی ہیں ، اب نیوجرسی کی سیاست میں بھی میدان مارنے کے لیے تیار ہیں ، انھوں نے سابق صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے نائن الیون کے ساتھ مسلمانوں کو جوڑنے کی کوشش کی ، امیگریشن پابندیوں سے مسلم کمیونٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جوکہ ناقابل برداشت عمل ہے ، اب ہمیں بائیڈن کی قیادت میں مثبت تبدیلی کی طرف پیش قدمی کرنا ہے ۔اسی طرح 23 سالہ علی نے بتایا کہ جب اس نے ٹرمپ کا یہ بیان سنا کہ نائن الیون پر نیوجرسی کے مسلمان جشن منا رہے تھے تو میں نے سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا اور آج میں جرسی سٹی میں سکول بورڈ کا صدر ہوں جوکہ اسٹیٹ کا سب سے بڑا ڈسٹرکٹ ہے۔