واشنگٹن(پاکستان نیوز) صدر جوبائیڈن نے مواخذے میں ٹرمپ کی بریت پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہماری تاریخ کے اس افسوسناک باب سے ہمیں یہ پتا چلا کہ جمہوریت ابھی کمزور ہے اور اس کی ضرورت حفاظت کی جانی چاہئے۔ حتمی ووٹنگ میں ٹرمپ پر فرد جرم عائد نہیں ہوئی تاہم ان کا جرم متنازعہ نہیں ہے۔ ہمیں جمہوریت کی حفاظت کیلئے ہمیشہ چوکنا اور تیار رہنا ہوگا۔ امریکہ میں تشدد اور شدت پسندی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ، بطور امریکی شہری اور بالخصوص سیاسی رہنما یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سچ کا دفاع کریں اور جھوٹ اور نفرت کو شکست دیں۔علاوہ ازیں انہوں نے کانگریس سے اسلحہ کے متعلق قوانین میں اصلاحات کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بریت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کا تاریخی اور خوبصورت لمحہ ہے ، یہ تو میری سیاسی تحریک کی شروعات ہے ،آنے والے دنوں میں بہت کچھ بتانا باقی ہے۔