کراچی:
پشاور زلمی کی جانب سے ایونٹ کے بائیکاٹ کی دھمکی پر پی سی بی یوٹرن لینے پر مجبور ہو گیا۔
پی سی بی نے اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔ وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی کو بائیوببل سے باہر موجود ٹیم اونر سے ملاقات اور گلے لگنے پر تین دن کے لیے آئسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا تاہم آج کراچی کے ہوٹل میں بڑا ڈرامہ دیکھنے کو آیا جب لاہور قلندرز کی ٹیم آدھے گھنٹے سے زیادہ بس میں بیٹھی رہی اور پشاور زلمی کا اسکواڈ نہ پہنچا۔
ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کے اسکواڈ نے کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرین سیمی کے بغیر جانے سے انکار کر دیا تھا اور پی سی بی حکام کی جانب سے انھیں منانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ میچ کو خطرے میں دیکھ کر نہ چاہتے ہوئے بھی وہاب اور سیمی کو ٹیم جوائن کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
اس حوالے سے پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعے کو بائیو سیکیورٹی ببل توڑنے والے دو افراد کے معاملے میں فرنچائز کی اپیل منظور کرتے ہوئے دونوں کو دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ہے، دونوں نے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بائیو ببل سے باہر ایک ٹیم آفیشل سے ملاقات کی تھی۔
ترجمان پی سی بی نے مزید کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اس خلاف ورزی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ہر لحاظ سے محتاط رہنے کا وعدہ کیا گیا ہے، پی ایس ایل کی مینجمنٹ نے فرنچائز کی اپیل منظور کرتے ہوئے دونوں کو دوبارہ سکواڈ کو جوائن کرنے کی اجازت دے دی ہے۔