کراچی:
پی ایس ایل میں شریک اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے میچ ملتوی کردیا گیا۔
پی سی بی کے ترجمان نے کھلاڑی کے کوویڈ19 میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی اپنے ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ ان کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔آسٹریلوی کرکٹرفواداحمد پی ایس ایل میں ایک میچ کھیل چکے ہیں۔ کھلاڑی کی ٹیم میں شامل تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
بورڈ کا کہنا ہے مثبت آنے والے کھلاڑی میں 2 روز قبل کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔ مثبت آنے والے کھلاڑی کو آئسولیٹ کر دیا گیا تھا۔کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ آتے ہی ایک کھلبلی سی مچ گئی، میچ کے لیے اسٹیڈیم کے لیے روانگی کے لیے تیاری کرنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز میں اطلاع ملنے پر سخت خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ انتظامیہ نے ان کو ہوٹل ہی میں روک کر ہنگامی بنیادوں پر کورونا ٹیسٹ کا اہتمام کیا۔
اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ملتوی؛
اسلام آباد یونائیٹیڈ کے کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ رات 9 بجے کھیلا جائے گا تاہم تھوڑی دیر بعد میچ ملتوی کردیا گیا، ذرائع کے مطابق میچ کھلاڑیوں کے تحفظات کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے جو کل کھیلا جائے گا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین میچ اب منگل کی شام 7 بجے کھیلا جائے گا، شائقین آج کے ٹکٹ کل استعمال کرسکتے ہیں جب کہ ٹکٹ کو ری فنڈ بھی کرایا جاسکتا ہے۔