کراچی:
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیولپمنٹ کونسل عوام سے مذاق اور اپنی ناکامی کا اعتراف ہے جب کہ عسکری قیادت کی اس کونسل میں شمولیت سمجھ سے بالاتر ہے۔
یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ سابق گورنر سندھ محمد زبیر، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، شاہ محمد شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ڈیولپمنٹ کونسل کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ سمجھ نہیں آرہا حالانکہ نیشنل سیکورٹی کونسل موجود ہے جس میں ملک کے تمام معاشی مسائل پر گفتگو ہوتی ہے اور اس کونسل میں سیویلین اور فوجی ادارے موجود ہیں، نیشنل ڈیولپمنٹ کونسل کے بھی وہی ممبر ہیں جو ایکنک کے بھی ہیں اب اس میں عسکری قیادت کو کیوں شامل کیا گیا؟ اس کی سمجھ نہیں آتی کیونکہ ان کی تجاویز تو نیشنل سیکیورٹی کونسل سے بھی ملتی ہے، موجودہ حالات میں اکنامک سیکورٹی اور نیشنل سیکورٹی ایک ہی چیز ہے۔