نئی دہلی(پاکستان نیوز) بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں گرکرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں جنرل بپن راوت سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے ہلاک ہونے والوں میں جنرل بپن راوت کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد سوارتھے۔ 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے 2 نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ لیفٹننیٹ جنرل ریٹائرڈایچ ایس پناگ نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی ہے کہ بپن راوت اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ جنرل بپن راوت ملٹری کالج میں لیکچر دینے جا رہے تھے۔ قبل ازیں جنرل بپن راوت کی ہلاکت یا زخمی ہونے کے حوالے سے خاموشی اختیار کی گئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر فضائی اڈے سے آرمی ڈیفنس سروسز کالج جا رہا تھا کہ تامل ناڈو میں کنور کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے