گزشتہ سے پیوستہ!!
چودہ سو سال میں سادات کا احترام کرنے والے بھی رہے جبکہ توہین سادات کرنے والے بھی کم نہیں رہے۔ قرآن مجید میں واضح لکھا ہے کہ ان کے ساتھ لوگ حسد کرتے ہیں ۔ اس لئے کہ اللہ کا فضل ان کے شامل حال رہا ہے۔مجھے نصاری بخران کی نسل سے ایک عیسائی پادری ملا جس نے مجھے بتایا کہ ہم نسلابعد نسل سادات بنی فاطمہ کا احترام کرتے ہیں۔
خاتم الانبیا کا ارشاد گرامی ہے۔اکرمو اولادی الصالحین للہ والطالحین لی۔ میری اولاد کا احترام کرو ,اچھوں کا اللہ کے لئے جو اچھے نہیں ان کا میرے لئے۔ کسی شخص کے بارے حقیقی رخ جاننا ہو تو اس کے بچوں سے ہی پوچھا جاتا ہے۔ میرا کوئی دوست اگر میرا احترام کرے اور میری اولاد کو دھکے مارے تو وہ میرے دل سے ہمیشہ کیلئے اتر جائے گا۔ صحابہ کرام اور ازواج مطہرات خود فاطم الزہرا اور ان کی اولاد کا بے حد احترام کرتے تھے۔ ام المومنین حضرت عائشہ ارشاد فرماتی ہیں کہ حضور کو مردوں میں سب سے زیادہ علی اور عورتوں میں سب سے زیادہ فاطمہ سے پیار تھا۔بعض ازواج مطہرات فرماتی تھیں کہ اگر کبھی حضور رنجیدہ خاطر ہوتے تو انہیں سیدہ فاطمہ کا نام لے کر راضی کر دیا جاتا تھا۔ کل تک بعض کالم نگار سادات کرام کے خلاف لکھتے تھے اور سہولت کار انہیں پیسے دیتے تھے جو اکثر و پیشتر مر کھپ گئے اور باقی مرنے کو ہیں۔بعض گینگسٹر بنا کر سید زادوں کا تمسخر اڑا رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر سادات کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ان کا اور تو بس کوئی نہیں چلتا تو مجھ خادم سادات کو وقفے وقفے سے ناموس کی گالیاں لکھتے لکھواتے ہیں۔ ایک دشمن سادات سوشل میڈیا پر لکھا کہ دنیا میں جعلی سادات بہت ہو گئے ہیں۔ اس سے سوال ہے دنیا میں خدائی کے دعویداروں کو دیکھ کر کیا عبادت خدا چھوڑ دیں گے ؟؟ مسیلمہ کذاب سے لے کر دور حاضر کے جعلی نبیوں تک، بشمول منکرین ختم نبوت سینکڑوں لوگوں نے دعوی نبوت کیا ہے کیا ان کے جھوٹے دعووں کی وجہ سے کلمہ چھوڑ دیں گے ؟ امامت کے جھوٹے دعویداروں کے سبب کیا حقیقی اماموں کی پیروی چھوڑ دیں گے ؟ اگر کوئی شخص سید ہونے کا جھوٹا دعوی کرتا ہے تو ہم حقیقی اور سچے سادات کا احترام تھوڑی چھوڑ دیں گے ؟ سفیر روم نے دربار یزید میں سر بریدہ مظلوم کربلا کو دیکھ کر یزید سے کہا تھا یزید ہم اس مٹی کو متبرک سمجھتے ہیں جس پر ہمارے نبی عیسی کی سواری کے قدم لگے تھے اور تم نے اپنی نبی کا بیٹا قتل کر دیا۔ اس نے یہ بھی کہا ان لبوں سے چھڑی ہٹا لے اس لئے کہ میں ایک وفد میں تمہارے نبی کو ملنے گیا تھا اور میں نے انہی لب ہائے حسین کے بوسے لیتے ہوئے تمہارے نبی کو دیکھا تھا۔ فاطمہ کی اولاد کے احترام کا اندازہ اس سے لگا لیں کہ حسنین شریفین کی حضور اکرم سواری بنتے ہیں۔ فاطمہ کا بیٹا اگر حالت سجدہ میں پشت رسالت پر سوار ہو جائے تو بحکم خدا تسبیح بڑھا دیتے ہیں ۔(جاری ہے)
فاطمہ کے بیٹوں کے جھولے فرشتے جھلائیں۔ جبرائیل جیسا فرشتہ درزی کہلانے میں فخر کرے۔اقابیل جیسے فرشتے آٹے کی چکی چلائیں اور مقرب الہی میں فرشتے خانہ سیدہ کی خاکروبی کریں ۔
بزرگ صحابی رسول حضرت ابو ہریرہ امام حسین کے قدموں کی خاک اپنی آنکھوں پر لگاتے تھے۔ جس طرح عمران کی بیوہ نے نذر مانی تھی کہ اللہ اسے بیٹا دے تو وہ وقف کر دے گی۔ انہیں اللہ نے وعدہ کیا کہ بیٹا دوں گا مگر ان کی بیٹی مریم پیدا ہوئیں ۔جن کے بیٹے عیسی سے نذر پوری ہوئی اور فرزند عمران قرار پائے۔اگر عمران کا نواسہ عمران کا بیٹا ہو سکتا ہے تو حضور کے نواسے حسنین شریفین فرزند رسول کیوں نہیں ہو سکتے؟
قرآن نے آیت مباہلہ میں حسنین کو رسول کے بیٹے کہا ہے۔ حضور پاک کے صلبی فرزند جناب ابراہیم زندہ تھے مگر انہیں مباہلہ میں نہیں لے کر گئے تاکہ کوئی یہ نہ کہے فرزند رسول فرزندانِ بتول کا ہمسر ہے۔ جب رسول زادہ علی و بتول زادوں کی برابری نہیں کر سکتا تو غلام زادے علی و بتول زادوں کے مقابل پر کیسے آئیں گے ؟ حسنین کی اولاد آج تک بلکہ تا قیامت اولاد رسول ہے اور ان کا احترام ہم سب پر واجب ہے۔ حضرت علی جنگ صفین کے دوران ہر حملے کے سامنے اپنے بیٹے محمد حنفیہ کو بھیجتے تھے۔ حسنین شریفین کو خیمے میں بٹھائے ہوئے تھے۔ جس پر محمد حنفیہ نے عرض کیا بابا میرے بھائیوں کو بھی تو ہمراہ بھیجیں۔ جس پر مولائے کائنات نے فرمایا! تم میرے بیٹے ہو وہ رسول کے بیٹے ہیں ۔نیز فرمایا وہ میری آنکھیں ہیں تم میرے ہاتھ ہو بدن پر حملہ ہو تو ہاتھ دفاع کرتے ہیں۔ یہ دلیل ہے کہ فاطمی ہاشمی پر فضیلت رکھتے ہیں۔ جب دیگر اولاد علی اولاد نبی کا مقابلہ نہیں کر سکتی تو ہندووں سکھوں اور غیر مسلموں کی اولادیں اولاد رسول کا مقابلہ کیسے کر سکیں گی؟جبکہ کنورٹڈ کا احترام ہم حفظ مراتب کے ساتھ کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
حضور پاک کا ارشادگرامی ہے من غیر نسبہ فقد کفر جس نے اپنا نسب بدلا اس نے کفر کیا۔ جب مامون الرشید عباسی حاکم نے حضرت امام علی رضا سے کہا کہ آپ ہمارے رشتہ دار ہیں تو آپ کو ہم پر کیا فضیلت ہے؟ تو آپ نے ارشاد فرمایا اگر نبی کریم آج ظاہری طور پر زندہ ہو کر آ جائیں تو تم سے بیٹی کا رشتہ مانگ سکتے ہیں مگر مجھ سے نہیں مانگ سکتے ۔ اس لئے کہ ہماری بیٹیاں رسول کی بیٹیاں ہیں۔اگر کچھ غیر سید خود کو سید کہلانے لگ گئے ہیں تو اس میں حقیقی سادات کا تو کہیں قصور نظر نہیں آتا ہے۔ کچھ علاقوں میں بہت سارے حضرات خود کو حیدری، جعفری، کاظمی، علوی، فاطمی، حسینی، حسنی، محسنی، عابدی، شیرازی، بخار ی لکھتے ہیں۔ وہ حقیتا سید نہیں ہیں۔ تو ان سے گزارش ہے کہ وہ لکھنا چھوڑ دیں یا پھر وضاحت کریں۔ جیسے ان کے دادا کاظم تھے اس لئے کاظمی لکھوا رہے ہیں یا حیدر ،جعفر کے غلام ہیں اس لئے حیدری اور جعفری لکھوا رہے ہیں وغیرہ۔ ایسیافراد یا خاندان ضروری نہیں کہ بدنیتی سے ہی یہ لکھواتے ہوں۔ ہو سکتا ہے غفلت ہو یا ممکن ہے عقیدت ہو۔ بہت کم لوگ دیکھے ہیں جو ساتھ سید ہونے کا دعوی بھی کریں۔فیس بک اور واٹس ایپ پر عاقبت نا اندیش اپنی قبریں انگاروں سے بھرنے کی سبیل کر رہے ہیں۔کچھ لوگ سوشل میڈیا پر سادات دشمنی کا اظہار کھل کر رہے ہیں اور ہم کھل کر عظمت سادات کا احترام کر رہے ہیں۔
بہت سارے لوگ حضرت نوح کے بیٹے کی مثال دیتیہیں۔ وہ بالکل درست ہے اس لئے کہ اسلام میں فضیلت کا معیار تقوی ہے۔تاہم نوح کے ایک بیٹے کے خراب ہونے سے دوسرے بیٹے کی توہین تھوڑی کی جائے گی۔ الحمد للہ آج مسلمانوں کی اکثریت سادات کرام کا احترام کرتی ہے۔ صرف چند مفاد پرست ،متعصب ، حاسد اور جاہل افراد ایسے ہیں جوکوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
برصغیر میں حضرت عباس کی اولاد اعوان اور علوی بلکہ ہاشمی بھی عموما احترام سادات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سیاہ عمامہ نہیں پہنتے۔جبکہ ان کے ہاشمی ہونے میں کوئی شک نہیں۔ آخرکار پٹھان جب بچوں کو پکڑنے جاتے ہیں تو وہ بھی سیدوں کا از حد احترام کرتے تھے۔ میرے استاد بزرگوار مرحوم آیت اللہ مدرس افغانی سید طالب علم کے احترام میں منبر سے اتر جاتے تھے۔ احترام سادات ہمیں ہر حال میں ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔یمن میں سادات کو اشراف لکھا جاتا ہے۔ حضرت ابوالفضل العباس جو لشکر حسینی کے جرنیل تھے اور امام حسین کے بھائی تھے مگر عمر بھر خود کو امام حسین کا غلام کہلاوایا۔ حضرت عباس کی والدہ جناب ام البنینحسنین شریفین کے قدموں پر ہاتھ رکھ کر ملا کرتیں اور خود کو ان کی خادمہ کہلاواتیں۔ہم اعوانوں کی رگوں میں بھی حضرت عباس کا خون ہے۔اس لئے ہم سادات کرام کے نوکر کہلاتے ہیں۔ہماری مائیں ہمیں سبق دیتی ہیں کہ سید کے ساتھ ایک چارپائی پر نہیں بیٹھنا۔میں نے سادات کرام کے حکم پر بڑے بڑے قاتلوں کو ایک دوسرے کے قتل کو معاف کرتے ہوئے دیکھا ہے۔
میرے گاوں سندرال میں امتیوں اور سادات کے قبرستان الگ الگ ہیں۔تاکہ سادات اور سیدانیوں کی توقیر و تعظیم ملحوظ خاطر رہے۔میرے اوپر جب دہشت گرد تابڑ توڑ حملے کر رہے تھے تو میں نے وصیت کی تھی کہ مجھے میرے والد مرحوم کی پائینتی میں دفن کرنا اور میری تختی پر موٹا سا لکھنا ادنی غلام سادات کرام و نوکر اولاد رسول سخاوت حسین ابن عطا اللہ۔
بصرہ کے ایک عارف باللہ لکھتے ہیں کہ میں نے سن رکھا تھا کہ مصر کے بازار میں ایک آہنگر ہے جو گرم لوہے کو ہاتھ سے کاٹتا ہے۔ اس کا ہاتھ نہیں جلتا۔ وہ پوچھتے پوچھتے بازار مصر پہنچے تو دیکھا کہ ایک آہنگر سرخ لوہے کو ہاتھ سے پکڑ کر دو ٹکڑے کر دیتا ہے۔ اس کی دوکان میں اوزار نظر ہی نہیں آ رہے ۔ انہوں نے پوچھا کہ اس کرامت کا راز کیا ہے ؟ اس نے کہا ایک روز ایک بیوہ اپنے یتیم بچوں کے لئے مجبور ہو کر مزدوری تلاش کرنے آئی جس پر میں نے اسے للچائی ہوئی نظروں سے دیکھا اس نے کہا میں نیکوں کی اولاد ہوں ۔ مجھ پر رحم کرو اللہ تم پر رحم کرے گا۔
میں نے اس خاتون کا وظیفہ باندھ دیا اور للچانے پر نادم و شرمسار ہوا اور عالم خواب میں میں نے حضور اکرم کو دیکھا جو فرما رہے تھے تم نے میری اولاد پر رحم کیا اللہ نے اس کے بدلے تم پر آتش جہنم حرام کر دی ۔ چاہو تو دنیا میں آزما لو آئندہ آگ کو ہاتھ لگانا وہ تمہیں یہاں بھی نہیں جلائے گی۔ اے عارف! امید کرتا ہوں کہ قیامت میں بھی جلنے سے ایسے ہی بچ جاوں گا۔
سادات کرام سے ایک ادنی نوکر کی حیثیت سے دست بستہ گزارش کرتا ہوں کہ ان کی رگوں میں رسول، علی و بتول کا خون ہے۔ لہذا آئندہ خود کو زہد و متقی بنائیں اور اپنی اولادوں کو پاکیزہ کردار بنائیں۔ ورنہ بقول میر تقی میر
پھرتے ہیں میر خوار کوئی پوچھتا نہیں
اس عاشقی میں عزت سادات بھی گئی
خاص طور پر امریکہ میں رہنے والے سادات کرام سے یہ خصوصی اپیل ہے کہ ان کے بچے دوسروں کے بچوں سے اچھے ہوں اور الحمد للہ ہیں۔ تاہم فرزندان آدم و نوح کی مثالیں معاشرے میں کم جانی چاہیے ۔ البتہ سادات پر اعتراض کرنے والے ذرا اپنے گریبان میں بھی جھانک لیا کریں۔دیگراں را نصیحت خود میاں فصیحت۔ میں نے روایتوں میں خود دیکھا ہے کہ پہلے دو تین صدیوں میں سادات کے پسینے سے خوشبو آتی تھی انہیں اس علامت کے سبب قتل کر دیا جاتا تھا۔ اس لئے قدرت نے اسے بدل دیا۔ ایسے سادات کرام کو جانتا ہوں جنہیں قبر نبی اور قبور بنی و آئمہ سے باقاعدہ جواب سلام آتا تھا۔ بہت سارے سادات کو جانتا ہوں جو دوران مجالس عزا اپنی جدہ بی بی فاطمہ کی زیارت سے شرف یاب ہوتے ہیں۔
حضور اکرم نے فرمایا تھا میرے خاندان کے لوگ امت کے امام و قائد ہوں گے۔ سب کے سب قریش اور سب کے سب بنی ہاشم ہوں گے۔ کچھ مضمون نگاروں کو یہ اعتراض ہے کہ سادات زیادہ کیوں ہو گئے ہیں؟ تو جواب یہ ہے کہ قرآن نے انہیںکوثر یعنی خیر کثیر کہا ہے ہم کون ہوتے ہیں؟ قرآن کے احکام کو بدلنے والے۔ ابولہب، ابو سفیان، ابن وائل اور ابو جہل جیسے کے طعنے کا جواب کثرت ہی سے ہونا چاہئے۔ آج دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جہاں سادات کرام موجود نہ ہوں ۔ اللہ انہیں مزید ترقی عطا کرے۔
میر باقر داماد اصفہانی نے فضائل سادات میں لکھی گئی معرک الارا کتاب میں لکھا ہے کہ عراق کا ایک شخص عازم حج ہوا وہ سامرہ پہنچ کر اپنے قافلے سے بچھڑ گیا ۔ اتنے میں سامرا میں دیکھا ایک خاتون کوڑے کرکٹ کے پاس سے حرام مرغی اٹھا کر گھر لے جارہی ہے۔ اس نے پوچھا کہ بی بی کیا آپ مسلمان نہیں ہیں ؟ محترمہ نے کہا کہ مسلمان تو ہوں میرے یتیم بچے آج اگر کھانا نہ کھائیں تو مر جائیں گے مجبورا انہیں کھلاوں گی ۔ اس کا سنتی حج تھا اس نے اپنی رقم والی تھیلی اس محترمہ کو پکڑا دی اور واپس گھر چلا گیا۔ اس شرم کے مارے کہ حج پر نہ جا سکا کچھ روز روپوش رہا ۔ جب حاجی واپس آئے تو ہرحاجی نے اس سے شکوہ کیا کہ دوران موسم حج تم ہم سے ناراض رہے اور دور دور رہے وغیرہ وغیرہ۔ یہ بے حد حیران و پریشان ہوا کہ میں تو گیا ہی نہیں مگر یہ سب مجھے حاجی کہہ رہے ہیں۔ایک روز قیلولے کے لئے سویا تو عالم خواب میں سرکار ختمی مرتبت کو دیکھا۔ جنہوں نے بھی اسے حاجی کہہ کر سلام کیا اور فرمایا تم نے جس بی بی کو رقم دی وہ سیدانی تھی، میری نسل سے تھی۔ اللہ نے اس کار خیر کے عوض تمہاری شکل کا ایک فرشتہ پیدا کیا ہے جو تا قیام قیامت حج کرے گا اور تمہارے نامہ اعمال میں ثواب جاتا رہے گا۔ ایسے کار خیر سے واجبی حق قطعا معاف نہ ہوگا۔ تاہم سنتی حج کے ترک پر بھی سالانہ حج کا ثواب مل گیا وہ بھی تاقیامت ۔ اللہ ہم سب کو احترام سادات کی کی توفیق عطا کرے اور اولاد رسول کی توہین کرنے والوں کو ہدایت کرے ۔ جو غیر سادات سید بن کر سادات کے لئے بدنامی کا سبب بن رہے ہیں اللہ انہیں ہدایت کرے اور قابل ہدایت نہ ہوں تو سزا دے۔
قارئین! سادات ہمارے احترام کے محتاج نہیں ہیں تاہم ہمیں توہین کر کے دعائے رسول وبتول سے محروم نہیں ہونا چاہئے۔
٭٭٭