ممبئی:
ناموربالی ووڈ اداکار سنجے دت نے زندگی میں ہمیشہ والدین کی مخالفت کرنے پر پچھتاوے کا اظہارکرتے ہوئے نوجوانوں کو ہدایت کی ہے کہ جو غلطی انہوں نے کی وہ کوئی اور نہ کرے۔
اداکار سنجے دت کا منشیات کی لت میں مبتلا ہونا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، منشیات کی وجہ سے سنجے دت کو اپنی زندگی میں نہ صرف کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ان کا کیریئربھی تقریباً ختم ہوگیا تھا لیکن انہوں نے ہمت اورعزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے منشیات کی لت پرقابوپایا اور آج ایک بار پھر وہ بالی ووڈ میں سرگرم ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں:سنجے دت کا پاکستان سے جذباتی تعلق ہے
سنجے دت اب نہ صرف اپنی منشیات کی لت پرقابو پاچکے ہیں بلکہ وہ ڈرگ فری انڈیا مہم کا حصہ بھی ہیں۔ ورلڈ ڈرگ ڈے کے موقع پرسنجے دت نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی زندگی کا تجربہ شیئرکرتے ہوئے نوجوانوں اور منشیات کی لت میں مبتلا افراد کو اس بری چیزسے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’’میں نے زندگی میں کسی کی نہیں سنی، ماں باپ نے جوکہا ہمیشہ اس کے برعکس کیا، اساتذہ کی بھی نہیں سنتا تھا، یہاں تک کہ اپنے دل کی بھی نہیں سنتا تھا۔
سنجے دت نے کہا زندگی کے اچھے برے سبق سیکھنے کے بعد میں آج بھی یہی کہوں گا کسی کی مت سننا، جب دوست کہتے ہیں “ایک کش سے کیا ہوتا ہے، سب ڈرگزلیتے ہیں، کیا ہوا اگر تُو نے بھی لے لی، ایک بارڈرگز لینے سے کوئی اس کی لت میں مبتلا تھوڑی ہوتا ہے” یہ باتیں کہنے والوں کی بالکل نہیں سننا کیونکہ سچ میں جانتا ہوں۔
سنجے دت نے اپنے ماضی کی غلطیوں پرپچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کو ہدایت کی ہے کہ زندگی میں جو غلطی میں نے کی وہ آپ نہ کریں اور سب مل کر عزم کریں کہ نہ منشیات لیں گے اور نہ کسی کو لینے دیں گے۔