نیویارک (پاکستان نیوز) نیویارک میں کرونا سے اموات کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ، گزشتہ جمعہ کو یو ایس سینٹرز فار ڈائسیز کنٹرول کی رپورٹ میں 69 ہزار 967 افراد کی کرونا سے اموات کی تصدیق سامنے آئی ہے ، حکومت کی جانب سے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، آڈلٹ کیئر سینٹرز ، نرسنگ ہومز سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق کرونا سے 55ہزار سے زائد اموات رپورٹ کی گئی ہیں لیکن سی ڈی سی کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اعدادو شمار کے حوالے سے جاری رپورٹ میں 70 ہزار کے قریب اموات کے متعلق بتایا گیا ہے ۔ سٹی یونیورسٹی آف نیو یارک کے گریجویٹ سکول آف پبلک ہیلتھ کے ڈین ڈاکٹر ایمن المہندس نے کہا کہ یہ بہت زیادہ حیران کن نہیں ہے کہ ریاست میں کرونا سے اموات 70,000 تک جاپہنچی ہیں، نیویارک میں کرونا کی ابتدائی لہر کے دوران بہت سی اموات ہوئیں۔جان ہاپکنز کرونا وائرس ریسورس سینٹر کے مطابق نیویارک میں ملک کی تمام ریاستوں میں اموات کی شرح 11ویں نمبر پر ہے، یا 348 فی 100,000 رہائشیوں پر ہے۔نیو یارک کے محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق نیویارک کی بڑی کاؤنٹی برونکس میں اموات کی شرح سب سے زیادہ 370 فیصد رہی ہے، گورنر کیتھی ہوچل نے کہا کہ ویکسین لگوانا اپنے آپ کو، اپنی برادری کو اور اپنے پیاروں کو COVIDـ19 سے محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ ہے، ہم نے کرونا کے خلاف اپنی لڑائی میں زبردست پیشرفت ہوئی ہے۔