حکومت کا جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرانے کا اعلان

0
109

لاہور:

وفاقی حکومت نےمسلم لیگ (ن) کی جانب سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ (ن) لیگ نے جج ارشد ملک کے حوالے سے جو ویڈیو میڈیا میں جاری کی ہے اس کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا  تاکہ ٹیپ کی اصلیت اور حقیقت کی تصدیق ہو سکے جب کہ فرانزک آڈٹ کے بعد جو بھی نتائج آئے وہ عوام کے سامنے پیش کریں گے  اور قوم سے کچھ نہیں چھپایا جائے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مبینہ ویڈیو میں جس شخصیت کو ’سورس‘ ظاہر کیا گیا وہ  ناصر بٹ ہے جو نوازشریف کا کاروباری رفیق اور قریبی دوست ہے، اس  شخص کا اصل چہرہ یہ ہے کہ وہ مشہور زمانہ قاتل، غنڈوں کا سرغنہ، منشیات فروش کا اہم فرد ہے جو قتل کرکے باہر فرار ہوا اور (ن) لیگ جب اقتدارمیں آئی تو ناصر بٹ کے مقدمات ختم کر کےاسے پاکستان واپس لائے۔

 

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو سزا دباؤ پر سنائی، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو جاری

معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نوازنے معزز جج کے حوالے ویڈیو جاری کرکےایک جج پر نہیں پوری عدلیہ پر انگلیاں اٹھائی ہیں، یہ اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم سازش ہے، ایسے اقدامات بغض پاکستان اور ملک سے عداوت کے مترادف ہے،  مریم نواز نے جج پر الزام لگا کر باشعور عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کی بھونڈی کوشش ہے اور (ن) لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی ناکام کوشش ہے، میڈیا پر تماشا لگانے کے بجائے ٹیپ عدالت میں لے کر جائیں اور اگر دامن صاف ہے تو شریف خاندان کے سب افراد کو پاکستان بلائیں اور عدالتوں میں پیش ہوں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here