پرانے حریف ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلیے آج زور آزمائیں گے

0
713

برمنگھم:

ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ پرانے حریف ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلیے  زورآزمائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل انگلینڈ کو میگا ٹرافی کیلیے مضبوط امیدوار قرار دیا گیا جبکہ ایشز حریف کے بارے میں زیادہ بات نہیں ہورہی تھی،مگر آسٹریلیا نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران بہترین پرفارمنس سے ورلڈ کپ کے دفاع کیلیے اپنے عزائم کا بھرپور اظہار کیا، خاص طور پر لارڈز میں ٹیم میزبان انگلینڈ پر پوری طرح حاوی دکھائی دی اور64 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس سے پہلے وارم اپ میچ میں بھی آسٹریلوی ٹیم نے ساؤتھمپٹن میں انگلش سائیڈ کو 12 رنز سے زیر کیا تھا۔

میزبان کا اب تک ایونٹ میں سفر اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا،اسے خاص طور پر ہدف کے حصول میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، سری لنکا سے میچ میں233 رنز کا پیچھا کرتے ہوئے 20 رنز سے شکست ہوئی، اب اگر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کا موقع ملا تو پھر انگلش ٹیم کو اپنے بیٹسمینوں سے مضبوط پرفارمنس درکار ہوگی۔

 

میزبان سائیڈ بھی بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابیوں سے قدرے اعتماد کے ساتھ میدان سنبھالے گی مگر آسٹریلیا سے پرانے کھاتے ذہن میں ہونے کی وجہ سے کچھ دباؤ بھی ہوگا۔ جیسن روئے امیدوں کا مرکز ہوں گے، وہ انجری کی وجہ سے آسٹریلیا سے گذشتہ میچ نہیں کھیل پائے تھے مگر اب ٹیم میں واپس لوٹ چکے ہیں۔

کینگرو ٹیم کافی مضبوط دکھائی دے رہی ہے تاہم لیگ مرحلے میں اسے2 میچز میں شکست ہوئی اور دونوں ہی بار ہدف کے تعاقب میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جنوبی افریقہ سے گذشتہ مقابلہ کینگروز 10 رنز سے ہار گئے تھے۔ اسی وجہ سے الیون میں کچھ اہم تبدیلیوں کی ضرورت پڑگئی ہے۔

انجرڈ شان مارش کی جگہ پیٹرہینڈزکومب کو میدان میں اتارنے کی تیاری ہونے لگی، سابق کپتان اسٹیون اسمتھ کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے بھیجا جا سکتا ہے، عثمان خواجہ کے متبادل میتھیو ویڈ بھی موقع کے انتظار میں ہیں، ان کی آسٹریلیا اے کیلیے فارم انتہائی شاندار رہی اور اب تک ناکام ثابت ہونے والے گلین میکسویل کی جگہ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے، ایجبسٹن کی پچ کو بیٹنگ کیلیے سازگار قرار دیا جا رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here