کینیڈا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خالصتان ٹائیگر فورس کا سربراہ ہلاک

0
146

ٹورنٹو(پاکستان نیوز)کینیڈا میں گرو نانک سکھ گوردوارہ صاحب کے سربراہ اور خالصتان ٹائیگر فورس کے سربراہ ہردیپ سنگھ نجر کو دو نامعلوم نوجوانوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق ہردیپ سنگھ نجر کو 18 جون اتوار کی شام کو کینیڈا کے شہر سرے میں گردوارے کے احاطے میں دو نامعلوم نوجوانوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ہردیپ سنگھ نجر گزشتہ کچھ برسوں کے دوران کینیڈا میں سرگرم خالصتانی تحریک کے ایک روح رواں کے طور پر ابھر کر سامنے آئے تھے اور وہ باقاعدگی سے بھارت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی قیادت کرتے رہے تھے۔ بھارت نے انہیں دہشت گرد قرار دے رکھا تھا اور ان کے خلاف ریاستی اور مرکزی سطح پر متعدد مقدمات بھی درج تھے۔ سن 2018 میں جب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت کا دورہ کیا تھا، تو اس وقت انہیں نئی دہلی کو مطلوب افراد کی ایک طویل فہرست سونپی گئی تھی۔ اس فہرست میں ہردیپ سنگھ نجر کا نام بھی شامل تھا۔ ہردیپ سنگھ نجرکا تعلق بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع جالندھر کے ایک گاں بھر سنگھ پورہ سے تھا۔ بھارتی حکومت کے مطابق وہ خالصتان ٹائیگر فورس کے ارکان کو آپریشنل، نیٹ ورکنگ، تربیت اور مالی معاونت میں فعال طور پر کردار ارا کرنے کے لیے معروف تھے۔ خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں کینیڈا کے اندر خالصتان تحریک کے حامیوں کی کافی سرگرمیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ نئی دہلی نے اس حوالے سے کینیڈا کے حکام کے ساتھ ناراضی ظاہر کرنے کے ساتھ ہی احتجاج بھی کیا ہے۔ بھارتی صوبے پنجاب کو سکھوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست خالصتان بنانے کی مہم کافی پرانی ہے اور اس سے وابستہ بیشتر رہنما امریکا، کینیڈا اور برطانیہ جیسے ممالک میں رہ کر اپنی مہم چلاتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here