نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی، شہباز شریف کا اعلان

0
24

اسلام آباد (پاکستان نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نوازشریف21 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے اور لاہور میں اُتریں گے۔یہ اعلان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے منگل کے روز لندن میں پارٹی بیٹھک کے بعد کیا۔نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی پارٹی اجلاس میں شہباز شریف، سلیمان شہباز، حسن نواز، خواجہ آصف اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی اور نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں عام انتخابات سے متعلق اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے موقف پر بھی غور کیا گیا۔ پارٹی قائد کی وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے استقبال کے حوالے سے کارکنوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کا بھی کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کا وطن آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔نواز شریف 19نومبر2019ء کو علاج کے لئے لندن گئے تھے۔ان کی صحت زیادہ خراب ہونے کے بعد ہنگامی طور پر ایئر ایمبولینس کا انتظام کرکے انہیں لاہور سے لندن منتقل کیا گیا تھا۔نوازشریف 3سال 11ماہ بعد وطن واپس آئیں گے۔ لندن میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف نے کہا چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے اپنی ساس کی خاطر انصاف کو پامال کیا۔جب ان سے سوال کیاگیا کہ چیف جسٹس کی جانب سے انصاف کی پامالی کی وجہ کیا ہے؟تونوازشریف نے جواب دیا کہ وجہ مدر ان لا(ساس) ہیں۔اس موقع پر دیگر مسلم لیگی قائدین نے بھی چیف جسٹس پاکستان پر تنقید کی، سابق وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے واضح طور پر انصاف کو پامال کیا ہے ،انہیں بطور چیف جسٹس ان جرائم پر تاریخ معاف نہیں کرے گی۔اس موقع پر شہبازشریف، چودھری تنویر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here