اسپیکر نے صدر بائیڈن کے مواخذے کی تحقیقات کی ہدایت کردی

0
20

واشنگٹن(پاکستان نیوز) ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے اسپیکر کیون میکارتھی نے صدر جو بائیڈن کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کی ہدایت کردی، انہوں نے الزام عائد کیا کہ جوبائیڈن نے اپنے بیٹے ہنٹر کے غیر ملکی کاروباری معاملات کے بارے میں امریکی عوام سے جھوٹ بولا، وائٹ ہائوس نے اسپیکر پارلیمنٹ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے تاریخ کی بدترین سیاست قرار دیا ہے ، وائٹ ہاوس کے ترجمان ایان سیمز نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریپلکن کے ارکان صدر بائیڈن کیخلاف گزشتہ 9ماہ سے تحقیقات کررہے ہیں تاہم انہیں کسی غلط کام کا کوئی ثبوت نہیں ملا ۔تفصیلات کے مطابق ریپبلکن اسپیکر میکارتھی نے بتایا کہ انہوں نے ہاوس کمیٹی کو صدر بائیڈن کیخلاف مواخذے کی باقاعدہ کارروائی کیلئے انکوائری کی ہدایت کردی ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ ایوان نمائندگان کے ارکان بائیڈن سے متعلق سنگین اور مصدقہ الزامات سامنے لائے ہیں ، ان تمام الزامات کو یکجا کیا جائے تو بد عنوانی کے کلچر کی ایک تصویر بنتی ہے ۔ بائیڈن کے 53سالہ بیٹے ہنٹر نے یوکرین اور چین میں اس وقت کاروباری لین دین کئے تھے جب ان کے والد جوبائیڈن باراک اوباما کے دور میں نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے اور ریپبلکن نے اس وقت بھی انہیں نشانے پر لیا ہوا تھا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here