2023مسلمانوں کی جدوجہد !!!

0
16

تمام قارئین تک جب تک یہ تحریر پہنچے گی ہم نئے سال2024میں پہنچ چکے ہوں گے بہرحال وقت کا کام ہے آگے بڑھنا اور وہ بڑھتا ہی رہتا ہے سوچنا یہ ہوتا ہے کے ہم نے اس وقت کو کیسے گزارا ہر زندگی کچھ اس طرح کی ہوگئی ہے کے ہر سال نت نئی باتیں سامنے آتی ہیں ان میں کچھ رنجیدگی پیدا کردیتی ہیں اور کچھ خوشی لے کرآتی ہیں۔2023کا آدھا سال مسلمانوں پر بہت بھاری رہا ہے اور وہ ایک جدوجہد میں ہی لگے ہوئے ہیں۔ جیسے کے فلسطین میں جو جنگ شروع ہوئی ہے اس نے نوجوان نسل کے اندر جو بیداری پیدا کی ہے۔ اس نے ان کو اداس کردیا ہے ہر خوشی کے ساتھ یہ خیال آتا ہے کے غازہ میں بچے کس حال میں ہوں گے۔ نوجوان کیا کر رہے ہوں گے عورتیں اور بوڑھے کس مشکل میں گرفتار ہوں گے۔ امریکہ اور دوسرے یورپی ممالک میں نوجوان نسل نے جو کردارادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ ایک جدوجہد کا جذبہ ان میں جاگ گیا ہے۔ بڑے بڑے اجتماعات جو جنگ بندی کے لئے کیے گئے ان میں یہ نوجوان جو امریکہ اور دوسرے یورپی ممالک میں پیدا ہوئے پلے بڑھے بظاہر اپنی زندگی میں مگن خوش باش ہوٹلوں میں کھانے اور دوستوں سے ملنے میں ان کے ویک اینڈ گزرتے تھے ان نوجوانوں نے اپنی تفریحات پر ان اجتماعات میں جانے کو ترجیح دی ۔ اپنے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ گھنٹوں کھڑے رہے میلوں چلے اس سے ظاہر ہوتا ہے کے ان کے اندر اسلام سے محبت کا جذبہ قائم ہے۔ اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے لئے ان کا دل دکھ رہا ہے جن کو انہوں نے کبھی دیکھا بھی نہیں ہے۔ ان کے بیٹے آواز بلند کر رہے ہیں۔ چھوٹے بچوں کے ساتھ سردی میں گھروں سے نکلے ہوئے ہیں۔ نوجوان طلباء حکومت کو ای میل بھیج رہے ہیں۔ غرض جن سے جو ہوسکتا ہے وہ کر رہے ہیں۔ حق کا ساتھ دے رہے ہیں۔2023میں ان بچوں کے جذبوں کو سلام کرنے کا دل چاہا۔ اور یہ محسوس ہوا کے ہم یہاں کے ماحول کو دیکھ کر اپنی نوجوان نسل سے مایوس ہوجاتے ہیں ان کے لئے دل میں بہت و سو سے آتے ہیں لیکن جب وقت آتا ہے تو ان کا جذبہ دیکھ کر آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔ ان کو محبت ہے اپنے مذہب سے اپنے حق بات پر لڑنے کا جذبہ ہے ان کے بچوں میں بھی جو کے دوسری یا تیسری نسل ہے امریکہ آنے والے لوگوں کی وہ بھی کلمہ گوہیں بظاہر یہ لاپرواہ سے بچے جس طرح اچانک ذمہ دار ہو کر اپنے کام انجام دے رہے ہیں۔ وہ ایک خوش اٰئند بات ہے خدا کرے کے سب کی آواز سنی جائے اور2024میں امن وامان قائم ہو۔ 2024پاکستان کے لئے بھی بہتر ثابت ہو سچے لیڈر ملک کے سربراہ بنیں۔ اور ہمارا ملک ایک ایسا ملک بن کر ابھرے کے ہم سب سکون میں آجائیں۔ 2023بہت سارے لوگوں کے لئے ہر طرح کی خوشیاں لے کر آیا ہوگا مگر ذاتی خوشیوں کے ساتھ ہم بہت ساری دوسری خوشیاں بھی چاہتے ہیں۔ پاکستان میں اچھے حالات ہوں۔ فلسطین میں ظلم وستم ختم ہو۔ یوکرین کے لوگ سکون میں رہیں جنگ بندی ہو۔ یہ سب دعائیں ہمارے ہونٹوں پر رہنے لگی ہیں۔
2024آپ سب کو مبارک ہو نئے جذبوں کے ساتھ نئے حالات کے ساتھ۔
٭٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here