اسلام آباد / لاہور / مظفر آباد:
کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور ملک بھر سمیت دنیا بھر میں بھارتی جارحیت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
دنیا بھر میں مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا جلایا اور بھارتی فوج اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے،مظاہرین نے اقوام متحدہ سے پاس کردہ قراردادوں پر عملدر آمد اور عالمی برادری سے بھارتی جارحیت کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
پیر کے روز ملک بھر میں بھارتی جارحیت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظفر آباد میں پریس کلب سے آزادی چوک تک ریلی نکالی اور احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا جلایا اور بھارتی فوج اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے آج پنجاب اسمبلی تا لاہور پریس کلب تک پی ٹی آئی کے ورکروں و عہدیداروں کی جانب سے نکالی گئی یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت کی۔
تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمد چوہدری کی قیادت میں فیصل چوک سے لاہور پریس کلب تک کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی ۔ لاہور ،اسلام آباد، کراچی، خانیوال، ملتان، گوجرانوالہ،فیصل آباد،چنیوٹ ،ڈیرہ اسماعیل خان،مظفر آبادسمیت دیگر شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔