کراچی:
بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مزید 70 ہزار بھارتی فوجیوں کی تعنیاتی اوربھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کو 2 حصوں میں تقسیم کے اعلان کی حمایت کرنے پر پاکستانی فنکاروں نے انوپم کھیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گزشتہ روز بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے مودی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فیصلے پر معتصابہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کا آغاز ہوچکا ہے۔ انوپم کھیر کے اس ٹوئٹ کے ردعمل میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اوراب پاکستانی فنکاروں کی جانب سے بھی انہیں کشمیریوں کی نسل کشی کی حمایت کرنے پرتنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: انوپم کھیرکو مودی سرکار کی حمایت کرنا مہنگا پڑ گیا
اداکارہ ارمینا خان نے انوپم کھیر کے اس معتصبانہ ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی زبان جنگ عظیم کے دوران لاکھوں یہودیوں کے قتل عام سے قبل بھی استعمال کی گئی تھی۔ یہ لکھتے ہوئے میرے ہاتھ کانپ رہے ہیں۔ مجھے یہ سوچ کر خوف محسوس ہورہا ہے کہ کیا ہم ایک اور سیاہ دور میں داخل ہونے جارہے ہیں۔ ارمینا خان نے انوپم کھیر کی سوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تاریخ ان لوگوں پر رحم نہیں کرے گی جو بڑے پیمانے پر نسل کشی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اداکارہ ارمینا خان کے علاوہ نامور ٹی وی اداکار عثمان مختار نے بھی انوپم کھیر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مسٹر کھیر آپ کی نظر میں مسلمانوں کی نسل کشی مسئلہ کشمیر کا حل ہے؟
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مودی سرکار کے اس فیصلے پر جہاں پاکستانی فنکاروں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے وہیں بالی ووڈ کے کچھ اداکاروں نے بھی اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔