اسلام آباد(پاکستان نیوز) پاکستان نے افغانستان کیساتھ کشیدہ روابط میں بہتری کی ازسرنو کوشش کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈپلومیسی کو موقع دینے کی نئی کوشش کی ذمے داری افغان امور کے ماہر سینئر سفارتکارمحمد صادق کو سونپی ہے۔ وہ کابل میں پاکستان کے سفیر اور رٹائرمنٹ کے بعد افغانستان کیلیے بطور خصوصی نمائندہ کام کر چکے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی کیساتھ براہ راست مذاکرات شروع کرنے پر سابق حکومت سے اختلافات پر وہ مستعفی ہو گئے تھے۔ بعدازاں آصف درانی کو خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا مگر مطلوبہ نتائج دینے میں ناکامی وہ ستمبر میں دستبردار ہو گئے،تب سے یہ عہدہ خالی تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد صادق کو پاکستان اور افغانستان کے مابین اختلافات کے حل کیلئے سفارتی کوششیں شروع کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، تاہم ان کی اصل ذمہ داری افغان سرزمین پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا حل تلاش کرنا ہے۔