ایک سالہ کارکردگی کی حکومتی رپورٹ پیش

0
148

اسلام آباد:

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے پہلے برس ملک کواستحکام دیا، دوسرا سال تعمیروترقی کا ہوگا، وزیراعظم نے ایسے پاکستان کی تکمیل کی جس میں حکمرانوںکا مفاد نہیں ہے، حکومت نے جیسے مسئلہ کشمیر اجاگرکیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ نیا پاکستان کمزور، پسماندہ اور مستحق شہریوں کے حقوق کا محافظ ہے۔

نعیم الحق نے کہاکہ 5 سال میں ایک کروڑ صحت کارڈجاری کریں گے اورکم آمدنی والے لوگوں کومکان فراہم کریں گے، اگر کشمیر پر جنگ ہوئی تو نہ پاکستان رہے گا اور نہ ہی انڈیا۔ تحریک انصاف حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر پی ٹی آئی حکومت کی میڈیا ٹیم نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پروزیراعظم سیکریٹریٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق، یوسف بیگ مرزا، سیف اللہ نیازی اور پارٹی ورکرز، میڈیا اوردیگرشعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے مسئلہ کشمیرکو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہاکہ قومی ایجنڈے پر ہم سب متحد ہیں۔

آج کا دن اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے نام کرتے ہیں، بھارت نے مکروہ عمل اور سیاہ اقدامات سے پوری مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا ہے، کشمیر میں معصوم بچے دودھ جبکہ بیمارافراد دواؤں کے لیے ترس رہے ہیں، اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے والوں کو بھارتی افواج کی جانب سے بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہاہے، مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے کے لیے ہم نے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال دیا ہے، جس طرح اس حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اجاگرکیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ میڈیاکی آزادی اور مثبت تنقیدکو خوش آمدیدکہتے ہیںکیونکہ حکومت آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ حکومت نے ایک سال میں محنت، دیانت اور درست سمت میں پالیسیوںکا آغاز کیا، نئے پاکستان میں حکمراں طبقے کے نہیں بلکہ عوامی مفادات کا تحفظ ہوتا ہے۔

 

وزیراعظم عمران خان محنت اورعزم سے قائداعظم کے پاکستان کو آگے لے کر جا رہے ہیں، حکومت کا ایک سال استحکام پاکستان کا سفر ہے جبکہ آئندہ سال تعمیر پاکستان کا سال ہوگا۔ متوسط طبقے کی فلاح کے لیے احساس پروگرام شروع کیا گیا۔ خزانہ واقتصادی امور ڈویژن اورریلوے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، پاکستان پوسٹ اوراین ایچ اے بہترین کارکردگی کے باعث منافع بخش ادارے بن گئے، وزارت توانائی نے گردشی قرضوں میں نمایاںکمی کی ہے۔ سیاحت کے فروغ کیلیے 175 ملکوں کے لیے آسان ویزا پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ ایف بی آرنے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ نیا پاکستان کمزور، پسے ہوئے اور مستحق شہریوں کے حقوق کا محافظ ہے، عمران خان نے اپنے مخالفین کے اندازوں کو غلط ثابت کیا۔

عمران خان نے قائداعظم کا سپاہی بن کر جدوجہدکاآغاز کیا، آج تک قیام پاکستان کا سفر تھا، آج سے 18اگست 2020تک تعمیر پاکستان کا سفر ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے18،18گھنٹے کام کرکے ہروزارت میں اصلاحات کیں۔ احساس پروگرام وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے، احساس پروگرام کیلیے152ارب روپے مختص کیے گئے، دنیاکیلیے پاکستان کے دروازے کھولے گئے۔ خواتین کیلیے25فیصد قرضہ مختص کیا ہے،کامیاب سفارت کاری سے بھارت کی چالیں ناکام کیں، موجودہ حکومت نے مدارس اصلاحات میںکامیاب پیش رفت کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہاکہ کشمیر پرجنگ ہوئی تو پاکستان رہے گا نہ انڈیا، وزیراعظم عمران خان نے کئی بار مودی سے بات کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم نے امریکی صدرکو بتایاکہ بھارتی حکومت مذاکرات کے لیے نہیں مان رہی، امریکی صدر بھارتی حکومت کے مذاکرات کے لیے نہ ماننے پر حیران ہوئے۔ کشمیریوںکی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بھارتی حکومت کو پاکستان سے بات کرنی پڑے گی۔ نعیم الحق کا کہنا تھاکہ حکومت سنبھالنے پر پتا چلاکہ ہر ادارے کا خزانہ خالی ہے اوردیوالیہ نکل چکا ہے، ہم ملکی واجبات کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں تھے، پہلا سال مشکل گزرا اورہمیں سخت اقدامات کرنا پڑے۔ ہماری غلطیوںکی نشاندہی کریں لیکن ہماراموقف بھی شامل کریں۔ ملک کے مختلف علاقوں میںاس وقت 3.5 سے 4لاکھ مکانات زیرتعمیر ہیں۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیرکوآزادی نہ مل جائے۔ ہم نے کشمیرکازکے لیے سیاسی معاملات پس پشت ڈال دیے اوراب وزیراعظم عمران خان کشمیریوںکی جنگ لڑرہے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق بعدازاں فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پلانٹ فارپاکستان مہم کے تحت پودا لگایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here