اسلام آباد(پاکستان نیوز) موجودہ حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر جاری کیے گئے اپسوس کے صارفین کے اعتماد کے سروے کے مطابق معاشی خدشات پاکستانیوں کو بدستور پریشان کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 10 میں سے 7 پاکستانیوں کے خیال میں ملک غلط راستے پر گامزن ہے، عالمی سطح پر غلط جذبات کی اوسط 63 فیصد ہے جو پاکستان کے اعداد و شمار سے کچھ کم ہے تاہم سال 2024 کی آخری سہ ماہی میں 19 فیصد کے مقابلے 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی سمت کے بارے میں امید بڑھ کر 31 فیصد ہوگئی جو نمایاں اضافہ ہے، اور یہ چھ سالوں میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ گزشتہ سال کے دوران افراط زر کی شرح میں 18 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جو چار سالوں میں اس کی کم ترین سطح پر ہے۔