اسلام آباد(پاکستان نیوز) ملک میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سکینڈل سامنے آیا ہے، مبینہ سکینڈل میں خوردنی تیل کے کرایوں میں ٹرانسپورٹ مافیا کے گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔ کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے دفتر پر چھاپہ مارکر دفتر کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ کمیشن حکام کے مطابق ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے خلاف انکوائری آخری مراحل میں ہے۔ اب چھاپے کے دوران آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی طرف سے گٹھ جوڑ کر کے کرائے مقرر کرنے اور بڑھانے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں جس کے بعد توقع ہے کہ کمپٹیٹن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جلد آرڈر پاس کیا جائے گا جس میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور گٹھ جوڑ میں ملوث عناصر پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ حکام کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مبینہ طور پر کرائے فکس کر رکھے ہیں، قیمتوں کو گٹھ جوڑ کے ذریعے فکس کرنا صارفین کے حقوق کے خلاف ہے۔ کمیشن نے تنظیموں کو متنبہ کیا ہے کہ مارکیٹ میں آزادانہ مسابقت کو یقینی بنایا جائے۔