راولپنڈی(پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا ارباب اختیار کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ افغانستان ہمارا دشمن نہیں ہے، آپ اسے دشمن بنانے کی کوشش نہ کریں، آپ کیوں بلاوجہ مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں، اعداد و شمار نکال کر دیکھیں دہشتگردی 2021 تک کم ترین ہوگئی تھی ، لیکن دہشت گردی 2022 میں یہ پھر بڑھنا شروع ہوئی۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے بتایا انہیں اخبار نہیں مل رہا اور ٹی وی بھی بند ہے جس کی وجہ سے وہ حالات سے بے خبر تھے، ہم نے انہیں اے پی سی کے بارے میں بتایا تو وہ بولے اسی لیے میرا اخبار اور ٹی وی بند کیا گیا، میری اجازت کے بغیر پارٹی والے اس اے پی سی میں شرکت نہیں کرسکتے، پارٹی میری اجازت سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں جائے گی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کیسسز التوا میں رکھے گئے، ملاقاتوں پر پابندی لگا رہے ہیں، اس وقت پاکستان میں کوئی قانون کام نہیں کر رہا، کس کی مرضی چل رہی ہے یہ آپ کو اور ہمیں پتا ہے، ملکی سالمیت، آزادی، قانون کی حکمرانی کے لیے ظلم کے خلاف کھڑا ہوں، اگر یہ ان چیزوں کے لیے مجھے جیل میں رکھیں گے تو میں تیار ہوں لیکن اگر یہ سمجھتے ہیں ان کے ان حربوں سے میں ٹوٹ جاں گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، یہ جو مرضی کرلیں میں اپنے اصول سے نہیں ہٹوں گا، سب کو پتا ہے پاکستان بدل چکا ہے، ہم مضبوط کھڑے ہیں، ہم کبھی اللہ سے ناامید نہیں ہوئے، پاکستانیوں کو ملک اور اس کی سالمیت کے دعا کرنی چاہیئے۔