لیپ!!!

0
79
ڈاکٹر مقصود جعفری
ڈاکٹر مقصود جعفری

ڈاکٹر مقصود جعفری ایک طرحدار، نستعلیق اور دبنگ شاعر ہیں، آپ ہوا کے کینوس پر فنکارانہ چابکدستی کے ساتھ جاگتے اور دمکتے رنگوں سے زندگی کی متحرک تصویر یں بنانے کا ہنر جانتے ہیں۔ اِن کو حیات و کائنات کی ہر لمحہ بدلتی ، تھرکتی اور جھلملاتی فکری، علمی اور نظری کیفیات ، اکتشافات اور تحقیقات کی حشر سامانیاں اور غرابت زائیاں اپنی شاعری میں مصور کرنے کا ملکہ بھی حاصل ہے ۔ آپ مدام معلوم سے نا معلوم اور ظاہر سے مکتوم فکری ،سائنسی اور ادبی جہانوں کی جانب بے تابانہ محوِ سفر رہنے اور حرف و خیال کے نت نئے آفاق دریافت کرنے کی شدید آرزو بھی رکھتے ہیں۔ بنابریں آپ نے علم و دانش اور شعر و ادب کے تقدس مآب غار کی عنبر آمیز نورانی فضا میں پختہ اور شستہ ریاضت کا ایسا جاں گسل چلہ کھینچا ہے کہ اب اِن کو اپنے دل و دماغ کے فکری آسمان پر عرفان و آگہی کی ان گنت کہکشائیں فروزاں دکھائی دیتی ہیں۔ ربِ ذوالمنن کی اِس آسمانی التفات اور تائید سے اب اِن کی شاعری کے بسیط آفاق رموز و علائم کی سنہری تجلیات سے مسلسل مستنیر رہتے ہیں اور آپ کو اس دسترس نے اڑتی چڑیا کے پر گننے کی غیر معمولی صلاحیت بھی عطا کر دی ہے ۔ سو آپ تھر کتی تتلی کے خوش رنگ پروں کا لمس ، جاں فزا گنگناتے آبشاروں کی گنگناہٹ، دشت کی پہنائیوں میں چوکڑیاں بھرتے خوش خرام آہو کا جمال ، بلند بالا کوہستانوں میں ققنس کے گونجتے کیف آگیں نغموں کا طلسم ، قوسِ قزح کے دلنشیں رنگوں میں رقصاں مور کا پندار ، خوش نما اور متبسم پھولوں کے دامن سے خوشبو ، عنبر آمیز شبنم کے صبیح رخساروں سے طراوت ، دلربا سیاہ رات کی سرمگیں آنکھوں میں جگنوں کی مسکراتی چمچماہٹ ، سنہری گداز چاندنی میں بلکتے چکور کی ادا اور کالے اور ناتراشیدہ لمحوں کے ہجوم میں دم توڑتی روایات کا منیب عکس بھی چرا سکتے ہیں ۔ اِن کی شاعری زندگی کے بلیغ حوالوں، لطیف زاویوں اور دلکش رنگوں سے مزین ہے ۔ اس میں خیالات و تصورات کی ملائمت بھی ہے ۔ ساز و آواز کی لطافت بھی ہے۔ زبان و بیان کی ندرت بھی ہے ۔ حرف و حکایت کی صداقت بھی ہے ۔ حسن و معنی کی نزاکت بھی ہے ۔ تجربات و نظریات کی جدت بھی ہے۔ محبت کے نشیلے اور رسیلے نغموں کی حلاوت بھی ہے۔تشبیہات و تلازمات کی غرابت بھی ہیاور جذبات و احساسات کی نظافت بھی۔
٭٭٭

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here