لاہور:
پاکستانی اداکار شمعون عباسی کی آدم خوری سے متعلق سسپنس تھرلر فلم’’دُرج‘‘18 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔
فلم’’درج‘‘کی کہانی آدم خوری سے متعلق حقیقی واقعات کے گرد گھومتی ہے اور اس سے قبل اس طرح کی کہانی پر مشتمل فلم برصغیر میں کسی ڈائریکٹر نے پردہ سیمیں کی زینت نہیں بنائی۔”دُرج“ کے عنوان سے بنائی گئی فلم برصغیر میں آدم خورانسانوں سے متعلق کہانیوں اور معلومات کا احاطہ کرتی ہے ڈائریکٹر شمعون عباسی اور پروڈکشن ٹیم نے فلم کو حقیقی روپ دینے کیلئے کئی مہینے ریسرچ کی اور کافی وقت دنیا سے الگ تھلگ غاروں میں رہنے والے انسانوں کے ساتھ گزارا تاکہ ان کے طرز زندگی کی پراسراریت کو صیحح روپ میں فلم بینوں کے سامنے پیش کیا جاسکے۔
شام فلمز کے بینر تلے بنائی گئی اس فلم میں شمعون عباسی، شیری شاہ،مائرہ خان،ڈودی خان،نعمان جاوید، عذیر عباسی اور نعیم عباسی نے اہم کردار ادا کئے ہیں جبکہ سسپنس سے بھرپور فلم کا میوزک معروف موسیقار آصف نورانی نے ترتیب دیا ہے۔
فلم کے ریلیز کردہ ابتدائی ٹریلرز کو اب تک یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد دیکھ اور سراہ چکے ہیں اور فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ”دُرج“ 18 اکتوبر کو آئی ایم جی سی (ڈسٹری بیوشن کلب)کے پلیٹ فارم سے پاکستانی سرکٹ کے تمام سنیماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی جبکہ اسے بین الاقوامی ممالک میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔