تہران (پاکستان نیوز)ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کے دعوؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ ناکامی سے بچنے کے لیے خود سے ہی باتیں کر رہا ہے۔ ایرانی مسلح افواج کے مرکزی ہیڈ کوارٹر خاتم الانبیاء کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے بدھ کو ایک بیان میں امریکی قیادت کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ کیا واشنگٹن کی اندرونی کشمکش اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں وہ خود ہی سے مذاکرات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنی ناکامی کو کسی معاہدے کا نام دینے کی کوشش نہ کرے۔ یہ بیان تہران کی جانب سے ان خبروں کی مسلسل تردید کا حصہ ہے جن میں کہا جا رہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کے ذریعے ایران کو جنگ بندی کی تجویز بھیجی ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اصرار کیا کہ واشنگٹن ایران میں درست لوگوں سے رابطے میں ہے اور ایرانی حکام معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔ امریکی صدر کا دعویٰ ہے کہ ایرانی حکام ان سے بات کر رہے ہیں اور ان کی باتیں منطقی ہیں۔ تاہم ایران نے ان تمام دعوؤں کو محض ایک سیاسی ڈرامہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔














