نیویارک (پاکستان نیوز)وفاقی حکومت کے بجٹ بحران کی وجہ سے ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نیویارک کے جے ایف کے، لاگارڈیا اور نیوارک سمیت ملک کے 12 سے زائد ہوائی اڈوں پر آئس کے اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ایک سرکاری اہلکار کے مطابق صرف نیوارک ایئرپورٹ کے مختلف ٹرمینلز پر 65 کے قریب اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو عملے کی کمی کے شکار ٹی ایس اے کے شعبے کی معاونت کے لیے بھیجا گیا ہے تاکہ وہ ٹرمینلز کے داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی کر سکیں اور مستقل سیکیورٹی اہلکار تلاشی کے عمل پر زیادہ توجہ دے سکیں۔ اس فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے نیو جرسی کی گورنر مکی شیرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب بھی ڈونلڈ ٹرمپ کسی معاملے میں مداخلت کرتے ہیں تو وہ عوام کے لیے افراتفری کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر تربیت یافتہ اہلکاروں کو ہوائی اڈوں پر تعینات کرنا کسی صورت قبول نہیں اور واشنگٹن کے ریپبلکنز کو چاہیے کہ وہ ایجنسی کے لیے فنڈز فراہم کر کے اپنا فرض نبھائیں۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ اہلکار ہوائی اڈوں پر امیگریشن قوانین کے نفاذ کا کام بھی جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اعلیٰ سطح کا گروہ ہے جو ملک میں داخل ہونے والے غیر قانونی افراد کو گرفتار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اگر یہ اقدام بھی کافی ثابت نہ ہوا تو وہ ضرورت پڑنے پر نیشنل گارڈ کو بھی طلب کر سکتے ہیں۔ ان اہلکاروں کی آمد کے باوجود مسافروں کو چیکنگ کے مراحل میں غیر معمولی تاخیر اور طویل قطاروں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔












