اسلام آباد:
جرمنی ترقیاتی تعاون کے تحت پاکستان کو 10کروڑ 90 لاکھ یورو فراہم کرے گا جبکہ مالی و تکنیکی منصوبوں کیلئے8 کروڑ 40لاکھ یورو امداد اور 2کروڑ 50لاکھ یورو کے رعایتی قرضے بھی پاکستان کو فراہم کرے گا۔
اس ضمن میں وزارت اقتصادی امور کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان برلن میں ہونیوالے مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ 11 اور 12ستمبر کو برلن میں ہونیوالے مذاکرات میں سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد کی سربراہی میں پاکستانی وفد مذاکرات مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
مذاکرات میں جرمنی ترقیاتی تعاون کے تحت پاکستان کو 10کروڑ90 لاکھ یورو فراہم کرنے پر رضامند، یہ رقم جرمنی پاکستان میں اقتصادی ترقی میں تعاون کے تحت فراہم کرے گا اور یہ رقم جرمنی کی جانب سے پاکستان میں جاری منصوبوں کے علاوہ ہوگی۔وزارت اقتصادی امور کا مزید کہنا ہے کہ جرمنی مالی و تکنیکی معاومے کے منصوبوں کیلئے8 کروڑ 40لاکھ یورو امداد اور 2کروڑ 50لاکھ یورو کے رعایتی قرضے بھی پاکستان کو فراہم کرے گا۔