قائد اعظم ٹرافی، فواد عالم کی سنچری، سندھ کی پوزیشن مستحکم

0
507

لاہور:

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے دوسرے روز، عمیربن یوسف کے بعد فواد عالم کی سنچری نے سندھ کی پوزیشن مزید مستحکم کردی، ظفرگوہر اور احسان عادل کی عمدہ بولنگ کے باعث ناردرن کرکٹ ٹیم فالو آن کا شکارہوگئی۔

بگٹی اسٹیڈیم میں جاری میچ کا دوسرا روز بھی میزبان بلوچستان کے نام رہا۔تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کے مقابلے گزشتہ روز بھی جاری رہے۔پہلے راؤنڈ کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم سندھ سے میچ میں مشکلات کا شکارہے، عمیر بن یوسف اورفواد عالم کی سنچریوں کی بدولت سندھ نے 9 وکٹ 476 رنزپر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈکردی، جواب میں خیبر پختونخوا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کی جانب سے عمیر بن یوسف اور کپتان اسد شفیق نے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو اسد شفیق 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

عمیر بن یوسف نے 174 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 18 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ نوجوان بیٹسمین 470 منٹ کریز پر موجود رہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے اسٹرائیک ریٹ کو بڑھانے کی کوشش کی، انھوں نے میرحمزہ کے ہمراہ 10ویں وکٹ کے لیے 108 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ فواد عالم نے 138 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین کی اننگز میں 8 چوکے اور 1سکسر شامل رہا، عادل امین نے 5 اور ثمین گل نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، خیبر پختونخوا کی جوابی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ دونوں اوپنرز 5 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے 3 اور اسرار اللہ نے 2 رنز بنائے۔

 

جس کے بعد عادل امین 63 اور اشفاق احمد 28 رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹیم کو سنبھالا دے دیا۔سینٹرل پنجاب سے میچ میں ناردرن کی ٹیم فالوآن پر مجبور ہوگئی، 433 کے جواب میں ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں 114رنز پر ڈھیر ہوگئی، ظفر گوہر نے 4 اور احسان عادل نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، میچ میں دوسرے دن کی شروعات سینٹرل پنجاب نے 369-5 سے اننگز کو آگے بڑھایا اور پوری ٹیم 107.5اوورز میں 433 رنز جوڑکر آؤٹ ہوگئی، کپتان اظہر علی 155 رنز بناکر پویلین رخصت ہوئے، نعمان علی نے 4، موسیٰ خان نے 3 وکٹیں لیں، ظفر گوہر اور احسان عادل کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ناردرن کی ٹیم 114رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

رضا حسن نے سب سے زیادہ 20 رنز بنائے، 4 بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، مہمان ٹیم پیر کو تیسرے دن 319 خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرے گی۔ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، بلوچستان کے کپتان عمران فرحت نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 500 رنزبناکر اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا، دوسرے دن بلوچستان کی جانب سے عظیم گھمن اور بسم اللہ خان نے 347-4 سے نامکمل اننگز کو آگے بڑھایا، بسم اللہ خان 32 اور عظیم گھمن163 رنزبناکرپویلین واپس ہوئے، بلوچستان کے آل راؤنڈر عماد بٹ نے 68 گیندوں پر 54 رنز بناکر اسکور بورڈ کو مضبوط کیا،یاسر شاہ نے 31 رنز بنائے، حریف بولر محمد عرفان نے131 رنز کے عوض 5 وکٹیں پائیںِ، بلاول بھٹی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں سدرن پنجاب نے 3وکٹ پر 161رنز جوڑلیے، کپتان شان مسعود 6 رنز بناکر عمر گل کا شکار بنے، اوپنر سمیع اسلم بھی 20 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، انھیں یاسر نے قابو کیا، صہیب مقصود بھی 10 کے انفرادی اسکور پر میدان بدر ہوگئے، 51 رنز پر 3 وکٹیں گرجانے کے بعد عمر صدیق اور عمران رفیق نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، چوتھی وکٹ کے لیے دونوں کے درمیان 110 رنز کی شراکت قائم ہوچکی، عمر صدیق 67 جبکہ عمران رفیق 56 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here