امریکہ اور کینیڈا دنیا کے ایسے ہمسایہ ممالک ہیں جن کے درمیان سرحد تو الگ ہے، مگر معیشت، تجارت، صنعت، ثقافت اور عوامی روابط ایک دوسرے سے گہرائی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک نے کئی دہائیوں میں مل کر ایک ایسا معاشی تعلق قائم کیا جس سے کروڑوں افراد کی زندگی، کاروبار اور روزگار وابستہ ہیں۔ لیکن جب سیاست میں مفاہمت کی جگہ محاذ آرائی لے لے تو اس کے اثرات صرف حکمرانوں کے ایوانوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ عام شہریوں کی جیبوں تک پہنچ جاتے۔ ان حالات میں یہ دیکھنا ضروری ہو جاتا ہے کہ پالیسیوں کے یہ تغیرات دونوںممالک کے عوام کو کس طرح متاثر کرتے ہیں۔
سابق امریکی صدر براک اوباما نے 24 اکتوبر 2026 کو ریاست مشی گن میں ڈیموکریٹ امیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران کینیڈا کے خلاف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے جس کینیڈا کو اپنا دشمن بنا رکھا ہے، وہی ملک ہمیں مارٹن شارٹ جیسے فنکار اور میپل سیرپ جیسی مشہور سوغات دیتا ہے۔ ان کا یہ بیان محض سیاسی طنز نہیں بلکہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات اور موجودہ کشیدگی کے درمیان تضاد کی نشاندہی بھی کرتا ہے، جس سے اس امر پر روشنی پڑتی ہے کہ سیاسی بیانات زمینی حقائق سے کس قدر مختلف ہوسکتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی اختلافات سے کس کو فائدہ ہوگا؟ کیا محصولات عائد کرنے اور جوابی اقدامات کرنے سے دونوں ممالک کی معیشتیں مضبوط ہوں گی یا اس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں سست، اشیا مہنگی اور روزگار کے مواقع محدود ہوں گے؟
دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم اس تعلق کی اہمیت واضح کرنے کے لیے کافی ہے اور یہ معاشی انحصار دونوں اطراف کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔ کینیڈا کی حکومت کے مطابق 2024 میں امریکہ اور کینیڈا کے درمیان روزانہ تقریباً 3.6 ارب امریکی ڈالر مالیت کی اشیا اور خدمات کا تبادلہ ہوتا تھا۔ توانائی، گاڑیوں کی صنعت، زرعی مصنوعات اور صنعتی خام مال اس تجارت کے اہم شعبے ہیں۔ ان صنعتوں میں کئی مصنوعات سرحد پار مختلف مراحل سے گزرتی ہیں، اس لیے ایک ملک کی پالیسی میں اچانک تبدیلی دوسرے ملک کے کاروبار کو بھی گہرائی سے متاثر کرتی ہے۔
مثال کے طور پر گاڑیوں کی تیاری کو ہی لے لیجیے جہاں پیداواری عمل انتہائی مربوط ہوتا ہے۔ ایک گاڑی کے پرزے مختلف مراحل میں امریکہ اور کینیڈا کے درمیان منتقل ہوسکتے ہیں۔ اگر ہر مرحلے پر اضافی محصول عائد ہو تو پیداواری لاگت بڑھتی ہے اور پورا صنعتی ڈھانچہ دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً کمپنیوں کو قیمتیں بڑھانے، سرمایہ کاری مؤخر کرنے یا ملازمتوں میں کمی کرنے جیسے فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں۔ یوں جس پالیسی کا مقصد ملکی صنعت کو تحفظ دینا ہو، وہی پالیسی بعض حالات میں اپنے ملک کے صارفین اور کارخانوں کے لیے بھی مہنگی ثابت ہوسکتی ہے۔
تاہم اس تنازع کو صرف محصولات تک محدود کرکے دیکھنا بھی درست نہیں ہے کیونکہ اس کے پس منظر میں دیگر اسٹریٹجک عوامل بھی کارفرما ہیں۔ امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی قواعد، سرحدی سلامتی، منشیات کی اسمگلنگ، توانائی اور قومی مفادات سے متعلق حقیقی اختلافات موجود ہوسکتے ہیں۔ ہر ملک کو اپنے مفادات کے تحفظ کا حق حاصل ہے، لیکن ان مسائل کے حل کے لیے یک طرفہ دباؤ کے بجائے شفاف مذاکرات اور قابلِ عمل معاہدوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ کسی بھی فریق کا نقصان نہ ہو۔
ان اختلافات کے خاتمے کا پہلا راستہ یہ ہے کہ دونوں حکومتیں تجارتی محصولات میں کمی اور استثنیٰ کے واضح اصول طے کریں۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ شمالی امریکہ کے آزاد تجارتی معاہدے کے تحت موجود طریق? کار کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے اور تنازعات کو قانونی و ادارہ جاتی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ تیسرا اہم قدم کاروباری اداروں کو پالیسی کے تسلسل کی یقین دہانی کرانا ہے تاکہ سرمایہ کار طویل مدتی منصوبہ بندی کرسکیں اور معاشی استحکام برقرار رہے۔
اس کے ساتھ کینیڈا کو اپنی برآمدات کے لیے دیگر منڈیوں تک رسائی بڑھانے کی کوشش جاری رکھنی چاہیے، جبکہ امریکہ کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ اس کا قریبی ہمسایہ صرف خریدار نہیں بلکہ توانائی، خام مال، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کا اہم شراکت دار ہے۔ دوسری جانب کینیڈا کو بھی ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو بلا ضرورت اپنے صارفین اور کاروبار پر اضافی بوجھ ڈالتے ہیں اور باہمی اعتماد کو مجروح کرتے ہیں۔
اصل ضرورت سیاسی قیادت کی بالغ نظری اور عوامی مفادات کو ترجیح دینے کی ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ براک اوباما کا طنزیہ جملہ یاد دلاتا ہے کہ ممالک کے تعلقات صرف محصولات، سرحدوں اور سیاسی بیانات سے نہیں بنتے بلکہ ان کی بنیاد اعتماد، مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر ہوتی ہے۔
امریکہ اور کینیڈا کی خوشحالی ایک دوسرے کی معاشی مشکلات میں نہیں بلکہ تعاون، منصفانہ تجارت اور مشترکہ ترقی میں پوشیدہ ہے۔ اگر دونوں ممالک اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو نہ صرف ان کی معیشتوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے بلکہ پوری دنیا کے لیے یہ مثال بھی قائم ہوسکتی ہے کہ مضبوط ہمسایے مسابقت کے باوجود شراکت داری کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔











