کراچی ۔:
پاک سری لنکا سیریز کے میچ ریفری ڈیوڈ بون نے کہا ہے کہ مجھے ایک بار پھر پاکستان آکر اچھا لگا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر1987، 1988 اور 1992 میں بطور کرکٹر بھی یہاں آ چکے ہیں، پی سی بی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے کچھ ایسے مسائل سامنے آئے جو کسی کے قابو میں نہیں تھے، پاکستان میں کرکٹ کھیل کی بہتری اور یہاں موجود شائقین کے جوش کو برقرار رکھنے کیلیے کھیلی جاتی ہے،اپنے ملک میں غیرملکی ٹیموں کو کھیلتا دیکھ کر نوجوان کھلاڑی کرکٹ کی طرف راغب ہوتے ہیں، مجھے خوشی ہے اب یہاں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد ہو رہا ہے۔
12 سالہ کرکٹ کیریئر میں 107 ٹیسٹ اور 181 ون ڈے میچزکھیلنے والے ڈیوڈ بون نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل میچز میں شرکت کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا روانگی سے قبل اہم مشورے بھی دیے۔
انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں بڑے گراؤنڈز اور مختلف پچز ہوں گی، سیریز میں کامیابی کے لیے پاکستانی فاسٹ بولرز کو گیند کی رفتار اور باؤنس کو فوقیت دینا ہوگی، سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کھلاڑیوں کو سیریز کے دوران تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اپنے مزاج کے مطابق کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا۔
شیئر