آہ….سلیم احمد ملک!!!

0
136

 

آج صبح مجیب لودھی کی آہ بھری ہوئی آواز میں سلیم احمد ملک کے انتقال کی خبر سنی ،محسن ظہیر نے پوسٹ ڈالی ،میں نے بھائی سے پوچھا کیا یہ خبر سچ ہے انہوں نے جب تصدیق کی تو فوراً منہ سے انا للہ وانا علیہ راجعون نکلا۔ اللہ غریق رحمت کرے پھر سوشل میڈیا پر تعزیت کی بھرمار ہو گئی۔ سلیم احمد ملک ایک کھٹی میٹھی شخصیت تھے ملک صاحب نہ صرف اپنوں میں مشہور تھے بلکہ غیروں میں یکساں مقبول تھے، مرحوم اندر و باہر سے پاکستانی تھے، شیروانی اور قارقلی پہن کر پاکستان کا جھنڈا لے کر سب سے اونچی آواز میں نعرہ لگاتے بلکہ ہر پاکستانی سے توقع کرتے کہ وہ بھی پاکستان کےساتھ مخلص ہو جائے ،عام لوگ سمجھتے تھے کہ ملک صاحب دین سے دور ہیں مگر میرا مشاہدہ اس کے برعکس ہے، ہر اسلامی تہوار پر نہ صرف المدنی مسجد کے لنگر میں حصہ ڈالتے بلکہ پابندی سے شرکت کرتے ائیرپورٹ کے قریب سے جب بھی گزرتے تو نماز کیلئے المدنی مسجد تشریف لے آتے بلکہ حیرت ہوتی وہ فجر کی نماز میں پہنچے ہوتے۔ میری نگاہ میں ابھی جوان تھے کیونکہ پہلی مرتبہ جب ان سے شناسائی ہوئی تو وہ بھائی بشیر قمر کی شادی کی سالگرہ تھی جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا میں بشیر قمر کی شادی کا عینی گواہ ہوں ،دلیل یہ دی کہ جو پیسے بشیر قمر پر وارے گئے تھے میں لوٹنے والوں میں شامل تھا۔ علماءاور مولویوں کیخلاف جو زور دار کالم لکھا ،ڈرتے ڈرتے مجھ سے رابطہ کیا میں نے کہا جانے دو، میں انشاءاللہ شیئر کروں گا چنانچہ حسب وعدہ میں نے شیئر کیا۔ کہنے لگے بعض مولویوں نے میرے بارے میں سخت جملے کہے ہیں، کوئی بات نہیں جو آپ کے دل میں آیا لکھ دیا جو ان کے دل میں آیا کہہ دیا حساب برابر ہو گیا ،ہم مولوی حضرات کوئی فرشتے تو نہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں کوتاہیاں ہوتی ہیں، ہمیں درست کرنے کا موقع مل جاتا ہے ،اس لئے گھبرانے کی کوئی بات نہیں، رمضان المبارک کی اکثر افطاریاں المدنی مسجد میں کرتے ،اس لئے میرے سارے نمازی جیسے ہی ان کو دروازے پر دیکھتے آواز دیتے ملک صاحب مفتی صاحب کے پاس آجاﺅ۔ اکثر کہتے مفتی صاحب آپ نے اپنے نمازیوں کےساتھ اچھا تعلق رکھا ہو اہے جس سے آپ کے نمازی آپ سے پیار کرتے ہیں۔ بات تو سچ ہے پروگرام بڑی شد و مد سے کرتے ہمیشہ چڑھ کر بولتے۔ عام اینکروں کی طرح ملتجیانہ انداز میں کبھی نہیں بولے، رانا رمضان نے ایک دن پہلے ایک گھنٹہ تک بات کی اور آج پیر کے پروگرام میں ان کو بلایا ہوا تھا یقین کریں ان کی پیار بھری باتیں، نصیحتیں، شکوے، عجیب لطف دیتے ،ان کی کس کس نیکی کو یاد کریں۔ اللہ پاک ان کے صغائر و کبائر سے درگزر فرماتے ہوئے اپنے قرب رحمت میں جگہ عطاءفرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطاءفرمائے، ان کی حفاظت فرمائے اور ان کی دیکھ بھال اپنے رحم و کرم سے جاری و ساری رکھے۔ کمیونٹی کو ان کے پسماندگان کیلئے کچھ کرنے کی توفیق عطاءفرمائے۔ انشاءاللہ مجیب لودھی بھائی نے قُل شریف کا المدنی مسجد میں جمعہ شریف کی نماز کے بعد اعلان کیا ہے ،کمیونٹی کے تمام افراد دعائے مغفرت کیلئے جوق در جوق شریک ہو کر ثواب دارین حاصل کریں، اللہ ملک صاحب مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here