پلیئرز سری لنکا کا غصہ ایک دوسرے پر نکالنے کیلیے بے چین

0
300

لاہور:

پاکستانی پلیئرز سری لنکا کا غصہ ایک دوسرے پر نکالنے کیلیے بے چین ہیں۔

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ اتوار کو فیصل آباد میں شروع ہوگا، سری لنکا سے تینوں میچز ہارنے کے بعد قومی کرکٹرز غصہ ایک دوسرے پر نکالیں گے، اقبال اسٹیڈیم 8 سال بعد ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے، اس دوران 6صوبائی ٹیموں میں شامل 96 کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے، ان میں قومی ٹیموں کا حصہ بننے والے اسٹار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

قومی ٹیم کی نوآموز سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ کے بعد نومبر میں کیخلاف سیریز سے قبل اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے،اس کیلیے سلیکٹرز کی نظریں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مرکوز ہونگی،آئی لینڈرز کے ساتھ سیریز میں متاثر نہ کرپانے والے سینئرز فارم بحال کرنے کی کوشش کریں گے،نوجوان کرکٹرز کی خواہش ہوگی کہ وہ ٹیم میں موجود مختلف پوزیشنز پر موجود خلا پُرکرنے کیلیے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کریں۔

 

کرکٹرز کیلیے اس قومی ایونٹ میں ایک کشش یہ بھی ہے کہ بہتر کارکردگی کی بنیاد پر پی ایس ایل 5کی ڈرافٹ فہرست میں ان کا نام شامل ہوسکتا ہے، فائنل سے قبل روزانہ 2 میچز کھیلے جائینگے، پہلا دوپہر1.30 اور دوسرا شام 5.30 پر شروع ہوگا، تمام میچز براہ راست نشر کیے جائیں گے، سرفراز احمد سندھ، بابر اعظم سینٹرل پنجاب، شان مسعود سدرن پنجاب، عماد وسیم ناردرن،محمد رضوان خیبر پختونخوا اور حارث سہیل بلوچستان کی قیادت کررہے ہیں،اتوار کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی، سینٹرل پنجاب اور سندھ کا سامنا ہوگا۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کپ کی انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا،فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے دیے جائینگے،رنرزاپ کو 25 لاکھ ملیں گے، ہر مین آف دی میچ کو 25 ہزار اور فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 35 ہزار روپے حاصل ہونگے، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو بھی ایک،ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائیگی۔

سندھ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت پہلے ٹی ٹوئنٹی کپ ٹورنامنٹ میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، والدین اپنے بچوں کے ہمراہ جاوید میانداد انکلوژر کی نشستیں بھرنے کیلیے آئیں۔

سدرن پنجاب کے قائد شان مسعود نے کہا کہ ایونٹ قومی کرکٹ کو نئے اسٹارز دے گا، امید ہے کہ گراؤنڈ میں مداحوں کی بھرپور سپورٹ میسر ہوگی۔

خیبرپختونخواکے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہمیں میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود مداحوں کی حوصلہ افزائی درکار ہوگی،نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر متعارف کرائے جانے کے بعد ہر اسکواڈ میں شامل 10 سے 11 کھلاڑیوں کے پاس انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ موجود ہے۔

سینٹرل پنجاب ٹیم کے نائب کپتان احمد شہزاد نے کہا کہ شائقین کرکٹ کھیل کی جان ہیں، فیصل آباد کے عوام کرکٹرز سے بے حد محبت کرتے ہیں، امید ہے کہ میچز دیکھنے کیلیے آئیں گے۔

بلوچستان کے نائب کپتان عمران فرحت نے کہا کہ ٹیموں میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، شائقین کومعیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ناردرن کے سینئر کھلاڑی سہیل تنویر نے کہا کہ فیصل آباد میں موجود کرکٹ کے مداح ہمیشہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے میدان کا رخ کرتے ہیں، امید ہے کہ اتوار سے شروع ہونیوالے ایونٹ میں بھی اپنی روایت کو برقرار رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here