کراچی:
اداکار شان نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ فنکاروں کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پالیسی بنائیں۔
اداکار شان کا ٹوئٹر پر حکومت کے بلین ٹری منصوبے کو سراہتے ہوئے کہنا کہ جس طرح ہم نے صاف ہوا کے حصول کے لیے درخت لگائے، میری خواہش ہے کہ اسی طرح ہم صلاحیتوں کو بھی نکھاریں۔ سوچیں جب گلوکار، فنکار، موسیقار، اسکالرز اور شاعر جیسے لوگ ہوں گے تو ہمارے ارد گرد کتنی تخلیقی صلاحتیں ہوں گی۔ ہمارے نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔
اداکار شان نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے جو جنگ لڑ رہے ہیں اس کا ہمیں احساس ہے، لیکن آپ ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ان میں موجود توانائی کو نظر انداز نہ کریں جو آپ کی اور حکومت کی جانب سے کسی ایسی پالیسی کے منتظر ہیں جس سے ان کی صلاحتیں بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: پاکستان میں گمنام لیکن ہالی ووڈ میں دھوم مچانے والے فنکار
شان نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کے پاس انتہائی کم لاگت میں فلمیں بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ امریکا، ترکی، بھارت، ایران اوربرطانیہ سمیت دنیا کی بڑی فلمی صنعتوں کو کم لاگت میں فلمیں بنانے والوں کی ضرورت ہے اور ہم انہیں یہ مہیا کرسکتے ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہے آئیے مل کر ایسے ذہن تخلیق کریں جو آئیڈیا اور پالیسیز کے ذریعے ایک دوسرے تک پہنچ سکیں۔