کراچی:
محکمہ فائر بریگیڈ کے ملازمین نے اوور ٹائم اور حکومت کی جانب سے بڑھائی گئی تنخواہ میں 15 فیصد اضافے کی رقم نہ ملنے پرآج صبح سے شہر کے تمام فائر اسٹیشن غیر معینہ مدت کے لیے بند کر نے کا اعلان کردیا۔
محکمہ فائر بر یگیڈ ملازمین کی جانب سے اوور ٹائم اور دیگر واجبات کے لیے مسلسل احتجاج کا سلسلہ جا ری تھا ،فا ئر فائٹر ز نے فائر اسٹیشنوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جمعرات سے شہر کے 24فائر اسٹیشنوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا جا ئیگا اس صورتحال میں شہر میں اگر کو ئی آگ لگنے کا واقعہ ہوا تو صورتحال خراب ہو نے کا خدشہ ہے۔
فائر بریگیڈ کے ملا زمین نے کہا کہ ہم نے کئی بار احتجاج کر کے اپنے تحفظا ت کا اظہار کیا اور یقین دہا نیو ں کے بعد احتجا ج کو ختم کر دیا لیکن اب ہم شہر کے تمام فا ئر اسٹیشنوں کو بند کر دیں گے اور ہمارا کوئی فا ئر فائٹر کام نہیں کرے گا ،فائرفائٹرز نے بتایا کہ 3ماہ سے اوور ٹائم نہیں ملا ہم روزانہ کی بنیاد پر اضا فی کام کر تے ہیں لیکن بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ہم کواوور ٹائم نہیں دیاگیا۔
انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ کیا گیا لیکن ہماری تنخواہو ں میں یہ بڑھنے والی رقم نہیں دی جا رہی ہے، ملا زمین کا کہنا تھا کہ شہر میں1200فا ئر فائٹرز ہیں لیکن ان کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی جا رہی ہے تاہم اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعرات کی صبح 8بجے سے شہر کے تمام فائر اسٹیشنوں کو بند کر دیا جا ئے گا، دروازوں پر تالے لگا دیں گے اور مرکزی فائر اسٹیشن پر تمام فائر بر یگیڈ کے ملا زمین جمع ہو کر اپنا احتجا ج ریکارڈ کرائیں گے۔
واضح رہے کہ شہر کے فائر فائٹرز کو نامساعدحالات میں ڈیوٹی کرتے ہوئے بھی بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔