لاہور:
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ٹیسٹ کپتان سمیت اظہرعلی سمیت درجنوں کرکٹرز کی ملازمتیں خطرے میں پڑ گئیں۔
سوئی ناردرن گیس نے فوری طور پر کرکٹ مصروفیات چھوڑ کر دفتر جوائن کرنے کی ہدایت جاری کردیں، پی سی بی کی جانب سے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں ڈپارٹمنٹل ٹیمیں ختم کیے جانے کے بعد کئی کرکٹرز فارغ ہوچکے، دیگر کی ملازمتیں داؤ پر لگی ہیں۔
مصباح الحق ، اظہر علی ، اسد شفیق، محمد عباس، شاداب خان، موسٰی خان ، محمد رضوان ، افتخار احمد ، یاسر شاہ ، شاہین آفریدی اور محمد حفیظ سوئی ناردرن گیس کے ملازم ہیں۔ ان میں سے محمد حفیظ کو چھوڑ کر باقی 10کرکٹرز آسٹریلیا جانے والے قومی اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں بھی محکمہ کے کئی کرکٹرز ڈومیسٹک مقابلوں میں شریک ہیں، سب کو فوری طور پر دفتر جوائن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر 28 اکتوبر تک نہ آئے تو تنخواہ روک لی جائے گی۔ یاد رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ26اکتوبر کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔