نئی دلی:
بھارتی ٹیم کے سابق ٹیسٹ بلے باز وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ نہیں بلکہ جنگ ہوگی۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے سابق اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ نے کہا کہ ورلڈکپ 2019 میں 16 جون کو مانچسٹر کے میدان میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہوگا، دراصل یہ میچ نہیں بلکہ جنگ ہے اور ہمیں ہر حال میں پاکستان کو ہرانا ہوگا۔
پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے متعدد سابق کرکٹرز اور دیگر لوگوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ورلڈکپ میں پاکستان کے میچ کا بائیکاٹ کردیں اور وریندر سہواگ بھی انہی میں سے ایک ہیں جو اس بات کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان سے میچ نہ بھی ہوا تو کوئی فرق نہیں پڑتا تاہم ہمیں ملک کے بہتر مفاد میں سوچتے ہوئے فیصلہ لینا چاہیے۔
کرکٹ سے سیاست میں آنے سے متعلق سوال پر وریندر سہواگ نے کہا کہ میں نے کرکٹ میں ہمیشہ کنٹریکٹ سائن کیے ہیں چاہیے وہ آئی پی ایل ہو یا رانجھی ٹرافی اور ویسے ہی کوئی بھی سیاسی جماعت مجھے اچھا کنٹریکٹ دے گی تو میں اس پارٹی میں شامل ہوجاوں گا اور وہ کنٹریکٹ 100 کروڑ سے کم کا نہیں ہونا چاہیے۔