واشنگٹن:
امریکی فوج کے چیئرمین آف دی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مارک ملی نے انکشاف کیا ہے کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی لاش کو سمندر برد کر دیا گیا ہے۔
امریکی حکام نے داعش کے خود ساختہ خلیفہ ابوبکر البغدادی کی لاش کو سمندر برد کرنے کی تصدیق کردی ہے تاہم لاش کس سمندر میں پھینکی گئی اس حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں، القاعدہ کے سربراہ اسامہ کو 2011 میں ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاش کو بھی سمندر برد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
مارک ملی نے امریکی اسپیشل فورسز کے آپریشن کے بارے میں مزید بتایا کہ ابو بکر البغدادی کی رہائش گاہ کے بارے میں شامی کردوں نے مخبری کی تھی۔ داعش سربراہ کو سرنگ میں بے بس کرنے والا کوئی سپاہی نہیں بلکہ سراغ رساں کتا تھا جس نے البغدادی کو دھماکا خیز مواد سے خود کو اُڑانے پر مجبور کیا، اس کتے کو امریکا میں ہیرو قرار دیا جارہا ہے۔
یہ خبر پڑھیں: سخت سیکیورٹی حصار میں روپوش ابوبکر بغدادی کی مخبری رشتہ دار نے کی
واضح رہے کہ امریکی آپریشن کے باعث داعش سربراہ نے ایک سرنگ میں پناہ لے لی تھی تاہم سراغ رساں کتے اس تک پہنچ گئے جس پر ابوبکر البغدادی نے 3 بچوں کے ہمراہ خود کو دھماکا خیز مواد سے اُڑالیا تھا۔ اس آپریشن میں البغدادی کی 2 بیویوں نے بھی خودکشی کرلی تھی اور اس کے 4 ساتھی مقابلہ کرتے ہوئے مارے گئے اور کئی نے ہتھیار ڈال دیئے تھے۔