کینبرا:
آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
5 ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی، فخرزمان اور بابر اعظم پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ پر 22 رنز جوڑے، فخر زمان کا بلا ایک بار پھر رنز اگلنے میں ناکام رہا اور وہ صرف 2 رنز پر چلتے بنے۔
پچھلے میچ کی طرح حارث سہیل اس میچ میں بھی ایک جیسے انداز میں آؤٹ ہوئے، بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے وکٹ چھوڑ کر اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش کی مگر گیند بلے کے اوپری کنارے پر لگنے کے بعد فضا میں چلی گئی اور وہ 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
تیسری وکٹ پر کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے 33 رنز کا اضافہ کیا تاہم محمد رضوان 14 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد آصف علی 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
70 رنز پر چار کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد بابر اعظم اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 رنز کا اضافہ کیا، اس دوران بابر اعظم نے نصف سنچری بھی اسکور کی لیکن وہ 50 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے جب کہ دوسرے اینڈ پر موجود افتخار احمد پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھاتے رہے۔
افتخار احمد نے برق رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیل کر نہ صرف نصف سنچری بنائی بلکہ مجموعے کو 150 تک بھی پہنچایا، انہوں نے 34 گیندوں پر 62 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے بھی شامل تھے۔
قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 150 رنز بنائے، عماد وسیم 11 رنز اور وہاب ریاض صفر پر پویلین لوٹے۔ آسٹریلیا کی جانب سے آگر نے 2، پیٹ کمنٹس اور رچرڈسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے ہدف کا تعاقب شروع کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے برق رفتاری سے اننگز شروع کی اور 3 اوورز میں 30 رنز بناڈالے، تیسرے اوور کی آخری گیند پر ڈیوڈ وارنر محمد عامر کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے، انہوں نے 11 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔
وارنر کے بعد فنچ کا ساتھ دینے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ آئے، 48 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد عرفان نے فنچ کو آؤٹ کیا تو مک ڈرمویٹ میدان میں اترے ، ہدف حاصل کرنے کے لیے دونوں کھلاڑیوں نے اسکور بنانے میں تیزی دکھانا شروع کی تو مک ڈرمویٹ عماد وسیم کا شکار بن گئے، انہوں نے 22 رنز بنائے۔ اسی دوران اسٹیو اسمتھ نے شاندار 50 اسکور کی۔
آسٹریلیا نے 19ویں اوور میں ہی صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، اسمتھ 51 گیندوں پر 80 جب کہ ٹرنر 8 رنز بناکر ںاٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں وکٹوں سے شکست سے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث کسی بے نتیجہ رہا تھا۔