لاہور:
آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ ٹی 20 سیریز میں افتخار احمد نے ہر قسم کی بولنگ پر آزادانہ اسٹروکس کھیلتے ہوئے خاصا متاثر کیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے جانے والے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ بڑے اسکور کے لیے پارٹنرشپ بنانا پڑتی ہے، اگر پاکستان ایسا کرنے میں کامیاب ہوتا تو 180 تک مجموعہ حاصل کرکے ہمارے لئے مشکلات پیدا کر سکتا تھا، محمد موسٰی اور محمد حسنین بھی اچھے بولر ہیں، ان کے پاس اسپیڈ کا ہتھیار موجود ہے، وقت کے ساتھ ان نوجوان پیسرز کو تجربہ بھی حاصل ہوگا اور ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے، دونوں کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے کہاکہ بابر اعظم ایک باصلاحیت بیٹسمین ہیں، ظاہر ہے کہ بطور کپتان کسی بھی کھلاڑی پر دہری ذمہ داریاں عائد ہوجاتی ہے،ان کی فارم پاکستان کے لیے خوش آئند ہے۔ ٹیسٹ میچز میں پاکستان کو تجربہ کار سینئرز کے ساتھ باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی خدمات بھی حاصل ہوں گی، امید ہے کہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔